قاہرہ۔۔۔ مصر کے سابق وزیر داخلہ حبیب العادلی کو بدعنوانی کے ایک مقدمے میں عدالتی فیصلے کی حکم عدولی پر گرفتار کر لیا گیا۔حبیب العادلی معزول صدر حسنی مبارک کے دور حکومت میں وزیر داخلہ رہے تھے۔انھوں نے اپریل میں اپنے خلاف دائر مقدمے کی حتمی سماعت کے موقع پرعدالت میں پیش ہونا تھا۔انھوں نے ایک مرتبہ خود کو حکام کے حوالے کردیا تھا لیکن اسکے بعد وہ روپوش ہوگئے تھے اور پھر عدالت میں حاضر ہوئے اور نہ انھوں نے اپنے خلاف عدالت کے فیصلے پر عمل کیا ہے۔واضح رہے کہ عدالت نے اپریل میں سنائے گئے اس حکم میں حبیب العادلی اور ان کی سابق وزارت کے 2 عہدے داروں کو کرپشن کی رقم ایک ارب 95 کروڑ مصری پاؤنڈ واپس قومی خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا اور اتنی ہی رقم کے برابر ان پر جرمانہ عائد کیا تھا۔