اسلام آباد.. سپریم کورٹ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب حکومت کو منصوبے پر کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ۔جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں5 رکنی بنچ نے فیصلہ4-1 کی اکثریت سے کیا ۔پنجاب حکومت نے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف 4 اپیلیں دائر کی تھیں۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ منصوبے میں کوئی غیر قانونی پہلو نہیں دیکھا۔ عدالت نے 31شرائط کے ساتھ درخواست منظورکی۔ 11 تاریخی مقامات کی حفاظت و نقصان کے ازالے کے لئے 30 دن کے اندر 2کمیٹیاں قائم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔جسٹس مقبول باقر نے فیصلے میں اختلافی نوٹ لکھا۔ گزشتہ برس لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن کا ٹریک 11 تاریخی مقامات سے200فٹ دور رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ قومی ورثے یا تاریخی عمارتوں کے قریب تعمیراتی منصوبہ نہیں بنایا جاسکتا۔واضح رہے کہ 1.47 ارب ڈالر مالیت کا یہ منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے۔