ریاض.... سعودی قومی انجمن برائے انسانی حقوق نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی ادارہ خدمات فراہم کرنے کے سلسلے میں نسلی تفریق کا مجاز نہیں۔ کوئی بھی سرکاری یا نجی ادارہ ، شہریت، غیر قانونی جواز یا غیر قانونی عنوان کے تحت نہ تو کوئی پالیسی بنا سکتا ہے اور نہ ہی اس بنیاد پر خدمت فراہم کرنے کو اپنا وتیرہ بنانے کا مجاز ہے۔ جو ادارہ اس قسم کی پالیسی اپنائے گا یا نسلی یا غیر قانونی بنیاد پر خدمت فراہم کرنے والا طور طریقہ اختیار کرے گا وہ قانون کی خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی پامالی کا ذمہ دار شمار کیا جائے گا۔ سعودی قومی انجمن برائے انسانی حقوق نے مذکورہ وضاحتی بیان اور انتباہ ان رپورٹوں کے تناظر میں جاری کیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بعض ادارے پانی، بجلی ، فون سمیت مختلف مطلوبہ خدمات فراہم کرنے کے سلسلہ میں قومیت اور شہریت کو بنیاد بنائے ہوئے ہیں۔ سعودی قومی انجمن نے توجہ دلائی کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون نے عدم تفریق کا اصول مقرر کررکھا ہے اور انسانی حقوق کے تمام معاہدوں میں نسلی تفریق پر پابندی لگی ہوئی ہے۔ سعودی عرب ایک طرف تو ان تمام معاہدوں کا فریق ہے اور دوسری جانب اسلامی شریعت کے مقرر کردہ ان اصولوں کا پابند ہے جن میں رنگ و نسل اور قومیت کی بنیاد پرمعاملات سے منع کیا گیا ہے۔ قرآن و سنت نے رنگ و نسل اور اقوام کی کثرت کو تعارف کا ذریعہ قرار دیا ہے، امتیاز کا نہیں۔