اسحاق ڈار کے ضامن کی جائداد قرق کرنے کاحکم
جمعرات 14 دسمبر 2017 3:00
اسلام آباد.. احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے نیب ریفرنس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کے اہل خانہ کے 3 بینک اکاونٹس اورلاکرکی تفصیلات پیش کی گئیں۔ استغاثہ کے گواہ مسعود غنی، عبدالرحمان گوندل اورعظیم خان نے بیان ریکارڈ کرایا۔عبدالرحمان گوندل نے اسحاق ڈارکی 2005 سے 2017 تک آمدن کا ریکارڈ فراہم کیا۔استغاثہ کے گواہ اورنجی بینک کے آپریشن منیجرعظیم خان نے اسحاق ڈاراوران کی اہل خانہ کے 3 بینک اکاونٹس کی کمپیوٹرائزڈ تفصیل پیش کیں۔ضابطہ فوجداری کی شق 512 کے تحت شہادتیں ریکارڈ کی گئیں۔ استغاثہ نے آئندہ سماعت پر مزید گواہ پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔ احتساب عدالت نے اسحٰق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی کی منقولہ جائیداد قرق کرنے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ 18 دسمبر تک جمع کرانے کی ہدایت کی۔ سماعت ملتوی کردی گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے اسحاق ڈار کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دیا تھا۔