اسلام آباد... ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ چین نے اقتصادی راہداری کے کسی بھی پروجیکٹ کی فنڈنگ نہیں روکی اور نہ ایسی کوئی اطلاع ہمارے علم میں ہے۔ فنڈز کا اجرا مخصوص طریقہ کار کے ذریعے ہوتا ہے۔جمعرات کو پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ او آئی سی نے القدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دیا ہے اور امر یکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسے اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے۔ امریکہ کا یہ اقدام عالمی امن کےلئے خطرناک ہے۔ او آئی سی کی طرح دیگر ممالک کو بھی چاہئے کہ وہ القدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کریں۔ ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ ہندکے سر پر چوہدراہٹ کا بھوت سوار ہے۔ہند کی جانب سے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا تجربہ خطے میں اسلحے کی نئی دوڑ پیدا کردے گا۔اس کے عزائم خطے کے امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ نئی دہلی نے کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کے حوالے سے پاکستانی پیشکش کا جواب دے دیا۔ کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کو 25 دسمبر کو بھیجا جارہا ہے۔ دیگر معاملات طے کئے جارہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں داعش کی کوئی منظم موجودگی نہیں تاہم افغانستان میں داعش کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور سرگرمیوں میں اضافے پر تحفظات ہیں۔