مدینہ منورہ - - - - - - خادم حرمین شریفین پروگرام برائے حج و عمرہ کے تحت آنے والے شاہی مہمانوں نے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر پروگرام کے سیکرٹری جنرل عبداللہ المدلج انکے ہمراہ تھے ۔ شاہی مہمانوں کو تفصیلی انداز میں اسلامی تاریخی مقامات کی زیارت کروائی گئی او ر مقامات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا ۔ سبق نیوز کے مطابق جن مقامات پر شاہی مہمانو ںکو لے جایا گیا ان میں شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ پریس ، مسجد قبلتین ، شہداء احد ، مسجد قباء شامل تھے ۔ شاہی مہمانوں نے احد کے مقام پر اس پہاڑی میں خصوصی دلچسپی لی جو" جبل الرماۃ "کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ یہ وہ پہاڑ ہے جہاں نبی آخر الزمان نے تیر انداز دستوں کو متعین کیا تھا ۔ بعدازاں وفد کو مسجد قباء لے جایا گیا جہاں انہو ںنے 2 رکعت نماز نفل ادا کی جس کے بارے میں مشہور حدیث پاک ہے کہ گھر سے وضو کرکے مسجد قباء میں 2 رکعت نفل ادا کرنے پر اس کا اجر عمرہ کے برابر ہے ۔ مہمانوں کو مسجد قباء کا تفصیلی دورہ کرایا گیاجس کے بعد انہیں مسجد قبلتین لے جایا گیا یہ وہ مشہور مسجد ہے جہاں سے مسلمانو ںکیلئے قبلہ کی تبدیلی کا حکم نازل ہوا تھا ۔ سبعہ مساجد جہاں غزوہ خندق ہوئی تھی کے مقام پر بھی مہمانوں نے یادگار تصاویر بنوائیں ۔ مہمانوں نے آخر میں مشہور و معروف شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ پریس کا دورہ کیا ۔ یہ وہ عظیم الشان کمپلکس ہے جہاں کتاب اللہ کے مختلف زبانوں میں ترجمے اور تفسیر چھاپی جاتی ہے ۔ پریس کے نگران نے تمام مہمانوں کو پریس کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا ۔ اس حوالے سے شاہی مہمانو ںکا کہنا تھا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ وہ ارض مقدس میں ہیں اور ان مقامات کو دیکھا جہاں سے اسلام کے عظیم الشان اور روشن باب کا آغاز ہو ا۔ مہمانوں نے سب سے زیادہ قرآن کریم پرننٹنگ پریس میں دلچسپی لی او ر اسے ملت کے لئے قیمتی اثاثہ قرار دیا ۔