کوئٹہ .. کوئٹہ میں اتوار کو زرغون روڈ پر چرچ میں خود کش دھماکے میں5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ کئی کی حالت نازک ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے تصدیق کی ہے کہ خود کش حملے میں کوئٹہ کے قدیم چرچ کو نشانہ بنایا گیا ۔ 4 دہشت گرد وں نے حملہ کیا ۔ایک نے چرچ کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دوسرا دہشت گرد اندر داخل ہونے کی کوشش میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔ 2 دہشت گرد فرار ہوگئے ۔ ان کی گرفتاری کے لئے سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کردیا ۔سرفراز بگٹی نے بتایا دہشت گرد چرچ میں لوگوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے۔ سیکیورٹی کے باعث دہشت گرد اپنے منصوبے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ سیکیورٹی الرٹ نہ ہوتی تو جانی نقصان بہت زیادہ ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اولین ترجیح علاقے کو جلد از جلد کلیئر کرنا ہے۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ انتہائی زور دار تھا۔ اس کی آواز دور تک سنی گئی۔ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔