اسلام آباد ...آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی سلامتی صورتحال پرمنگل کوسینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے بیان میں بتایا گیا کہ قومی سلامتی صورتحال، خطے میں پیش رفت اور حالیہ غیر ملکی دوروں کے حوالے سے آرمی چیف اور ڈی جی ملٹری آپر یشنز ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔ واضح رہے کہ قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے خطے میں ابھرتی ہوئی صورتحال اور امریکہ کے کردار کی روشنی میں پالیسی گائیڈ لائن کی تیاری سے متعلق تحریک پیش کی تھی۔سینیٹ کی کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ چیف جسٹس کے بعد آرمی چیف کا ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سینیٹ میں آنا موجودہ صورتحال اور سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے بہت اہم ہے۔ آرمی چیف اس حوالے سے سینیٹ کی کمیٹی برائے دفاع کو پہلے ہی بریفنگ دے چکے ہیں اب یہ اچھا ہے کہ پورے سینیٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔