اسلام آباد...سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ امریکی نائب صدر پینس اور پینٹاگون کے بیانات پر تشویش ہے۔ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو بریفنگ دیتے ہوئے تہمینہ جنجوعہ نے بتایا کہ پاکستان دشمن ممالک کی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ ہے اور اسے مسلسل بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حافظ سعید کے خلاف یکطرفہ کارروائی کے بیان پر امر یکہ سے بات چیت کررہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ محض اطلاعات کی بنیاد پر یکطرفہ کارروائی کیسے کی جاسکتی ہے؟انہوں نے کہاکہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف مسلسل استعمال ہورہی ہے۔ ہند افغان سرزمین پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان مسلسل ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بن رہا۔ امر یکہ کو ہمارے خدشات پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ پاکستان اور ہندکے ساتھ ایک جیسا برتاو کرنا چاہیے۔ تہمینہ جنجوعہ نے بتایا کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے دورہ پاکستان میں افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔جیمز میٹس نے افغان سرزمین کے استعمال کا معاملہ حل کرنے کا یقین دلایا ہے۔