Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشت گردی سے کوئی خطہ محفوظ نہیں ،ایازصادق

اسلام آباد..اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے کہا ہے کہ دنیا میں دہشتگردی سے اب تک 2 لاکھ سے زائد افراد جان کی بازی ہارچکے ۔ پاکستان کواب تک 120 ارب ڈالرکامالی نقصان پہنچا ہے۔ نان اسٹیٹ ایکٹرز نے ملکی سرحدوں کے تحفظ اور قوموں کی خودمختاری کو دھچکا پہنچایا ۔ وہ اتوار کو اسلام آ باد میں اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔کانفرنس میں افغانستان،ترکی ،ایران ،روس اورچین کے اسپیکرز شریک ہیں۔ ایاز صادق نے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں دہشت گردوں سے دنیا کا کوئی خطہ محفوظ نہیں رہا۔انہوںنے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ پناہ گزیں پاکستان، ترکی اورایران میں ہیں۔ پارلیمانی ڈپلومیسی سے چیلنجزکا مقابلہ بہتراندازمیں کیا جاسکتا ہے۔ آپس کے اختلافات سے ترقی نہیں رکنی چاہیے۔عالمی ادارہ مسئلہ کشمیر اورمشرق وسطیٰ کے تنازعات حل کرنے میں ناکام رہا ہے۔سرد جنگ کے بعد کی صورتحال زیادہ خطرناک ثابت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ ہونے کی حیثیت سے ہم نے سیکھاہے کہ اختلاف کو کیسے ختم کیا جائے۔ اختلافات کے باوجود اتفاق رائے کیسے پیدا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بطور ہمسایہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ رہنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ خطے میں دہشت گردی کے سیاہ بادل ہماری راہ میں رکاوٹ ہیںمگر یہ فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ ناامیدی میں بھی امید کی کرنیں ہوتی ہیں۔ دہشت گردی کی تمام صورتوں اور جہتوں کی مذمت کرتے ہیں ۔

شیئر: