بابر اعظم کی 26 گیندوں پرسنچری،شعیب ملک کے اوور میں6چھکے
فیصل آباد:پاکستانی ٹیم کے نوجوان بیٹسمین بابراعظم نے صرف 26 گیندوں پر سنچری داغ دی جبکہ سابق کپتان شعیب ملک نے ایک اوور میں6چھکے لگانے کا کارنامہ انجام دیا۔ یہ دونوں شاہد آفریدی فاونڈیشن کے زیر اہتمام کھیلے جانے والے10-10اوورز کے نمائشی ٹی 10 میچ میں شریک تھے جس میں ریڈ اور گرین ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ بابراعظم نے تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا اور شعیب ملک نے بھی ایک اوور میں 6 چھکے لگا کر شائقین کا جوش عروج پر پہنچا دیا۔میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ریڈ ٹیم نے مقررہ 10 اوورز میں 201 رنز بنائے جس کی خاص بات شعیب ملک کے ایک اوور میں 6 چھکے تھے، شعیب ملک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو جیت کے لئے 202 رنز کا ہدف دینے میں بڑی عمدگی سے اپنا حصہ ڈالا۔جس کے جواب میں گرین ٹیم کی جانب سے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ بابراعظم نے 26 گیندوں پر 11 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی۔ جارح مزاج بلے باز نے 384.62 کی اوسط سے رنز بنائے اور صرف 2 گیندیں ضائع کیں۔ہدف کے تعاقب میں بابراعظم کا ساتھ شاہد آفریدی نے دیا اور ایک گیند قبل وننگ شاٹ کھیل کر انہوں نے ٹیم کو کامیابی دلائی۔خیال رہے کہ دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بابراعظم اب تک 36 ایک روزہ میچز میں 58.60 کی اوسط سے ایک ہزار 758 رنز بناچکے ہیں جبکہ ان کے کیرئیر میں 7 سنچریاں اور 7 ہی نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے شاہدآفریدی نے کہا کہ ٹی 10 کرکٹ کامستقبل روشن ہے اور اس سے کھیل کو مزید فروغ ملے گا اور جہاں کرکٹ نہیں کھیلی جاتی وہاں بھی یہ کھیل مقبول ہو سکے گا۔