ایلسٹر کک 2 آسٹریلوی بیٹسمینوں کے ریکارڈ میں شریک
جمعرات 28 دسمبر 2017 3:00
میلبورن:انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور سابق کپتان ایلسٹر کک نے ایشز سیریز کے چوتھے میلبورن ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرکے 10اننگز کے بعد 50یا اس سے زائد رنز بنائے ۔ آخری مرتبہ انہوں نے 50سے زائد رنز ویسٹ انڈیز کے خلاف 243رنز کی اننگز کھیل کر بنائے تھے۔کک نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی32ویں سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ ایشز میں پانچویں سنچری بنانے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔ دلچسپ بات یہ کہ انہوں نے ایشز کی تمام سنچریاں آسٹریلیا میں اسکور کی جبکہ ہو م گراﺅنڈ پر روایتی سیریز میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 96رنز رہا ہے۔ایلسٹر کک آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو وا کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے دنیا کے10ویں بیٹسمین بن گئے ۔کک اوپنر کے طور بھی سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں سابق بیٹسمین میتھیو ہیڈن کے ریکارڈ میں شریک ہو گئے ہیں۔دونوں نے30-30سنچریاں بنائیں جبکہ ہند کے سابق کپتان سنیل گواسکر 33سنچریوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔