امریکہ نے ایف16دینے سے انکار نہیں کیا،پاکستان
جمعرات 28 دسمبر 2017 3:00
اسلام آباد..پاکستان نے کلبھوشن یادو کی اہل خانہ سے ملاقات سے متعلق تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے ملاقات خالصاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کرائی گئی تھی۔ ہندوستانی اعتراضات ملاقات کے24 گھنٹے بعد سامنے آئے جو بے بنیاد اور قابل افسوس ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کلبھوشن ایک جاسوس اور سزا یافتہ دہشت گرد ہے ۔ اہل خانہ سے اس کی ملاقات کو دو طرفہ بہتر تعلقات کے لئے استعمال کیا جا سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔لباس کی تبدیلی اور زیورات اتروانے کا مقصد سیکیورٹی چیک تھا۔جوتے واپس نہ کرنے پر کلبھوشن کی اہلیہ اور ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا ۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ امریکہ نے پاکستان کو ایف 16 فراہم کر نے سے انکار نہیں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرنے کی اجازت ملنی چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان 2مراحل میں 298 ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کرے گا ۔