طائف..... محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے اس امر کا اعادہ کیا گیا ہے کہ بغیر بمپر کے گاڑی چلانا قانون شکنی ہے جس پر 900 ریال تک چالان اور گاڑی بند کی جاسکتی ہے۔سبق نیوز کی جانب سے شائع رپورٹ پر ٹریفک پولیس نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عمل درآمدکو یقینی بنانے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوانین پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔ سڑکوں پر ایسی گاڑیاں دیکھی جارہی ہیں جن کے ڈرائیور بغیر بمپر گاڑی چلا رہے ہیں جو قانون شکنی ہے ۔ خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس کی جانب سے 5 سو سے لیکر 900 ریال تک چالان کاٹنے کے علاوہ گاڑی تحویل میں لی جاسکتی ہے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ قوانین لوگوں کی جان اور مال کی حفاظت کےلئے وضع کئے جاتے ہیں جن پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔ گاڑیوں کے سامنے اور عقبی بمپر حادثات سے بچاو کےلئے بنائے گئے ہیں جنہیں نکال کر گاڑی چلانا جرم ہے ۔ پولیس کی جانب سے لوگوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ ایسی گاڑیوں کے بارے میں جن کے بمپر بلا وجہ نکلے ہوئے ہوں ان کی اطلاع محکمہ کو فراہم کی جائے تاکہ انکے مالکان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جاسکے ۔ واضح رہے مقامی نیوز ویب سائٹ کی جانب سے سروے رپورٹ شائع کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ان دنوں طائف میں اکثر نوجوان اپنی گاڑیوں کے اگلے اور پچھلے بمپر نکال کر گاڑی چلاتے ہیں جس سے خوفناک حادثات رونما ہونے کا خدشہ ہے ۔ اس حوالے سے ٹریفک قوانین پہلے سے موجود ہیں جن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ایسی گاڑیاں جن میں حفاظتی پارٹس نہیں ہونگے انہیں روڈ پر اس وقت تک نہ نکالا جائے جب تک انہیں درست نہ کر لیا جائے ۔ ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے ۔ مذکورہ قانون کے باوجود اکثر نوجوان اپنی گاڑیوں کے اگلے اور پچھلے بمپر اتار کر گاڑی سڑکوں پر دوڑا رہے ہیں ۔