Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیپال:غیر ملکی کوہ پیماؤں پر ماؤنٹ ایورسٹ اکیلے سر کرنے پر پابندی

کھٹمنڈو۔۔۔نیپال نے کوہ پیمائی میں حادثات کو کم کرنے کیلئے ماؤنٹ ایورسٹ سمیت دیگر چوٹیوں پر کوہ پیماؤں کے اکیلے جانے پر پابندی عائد کر دی ۔ محکمہ سیاحت کے ایک اہلکار کاکہنا ہے کہ قواعد میں تبدیلی کوہ پیمائی کو محفوظ بنانے اور اموات میں کمی کیلئے کی گئی ہے۔رواں سال سب سے زیادہ کوہ پیماؤں نے ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس بڑی تعداد کے باعث حادثات میں بھی اتنا ہی زیادہ اضافہ ہوا ۔ نیپال کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس سال کوہ پیمائی میں ہونے والی اموات کی تعداد 6تھی۔ اس میں 85 سالہ بہادر شیرچن بھی شامل ہیں جنھوں نے ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے والے ضعیف ترین شخص کا اعزاز دوبارہ اپنے نام کرنے کی کوشش کی تھی۔ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب ہی واقع ایک پہاڑ کو سر کرنے کی کوشش میں سوئس کوہ پیما جن کو سوئس مشین کا نام دیا گیا تھا ،اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ نیپال کی جانب سے نئے قواعد میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی کوہ پیما کیلئے ضروری ہے کہ وہ مقامی گائیڈ حاصل کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ اس نئے قانون سے گائیڈز کیلئے روزگار میں اضافہ ہو گا۔چند ناقدین نے نیپالی حکومت کی جانب سے معذور اور نابینا کوہ پیماوں پر پابندی پر تنقید کی تاہم بعد میں حکومت نے وضاحت کی کہ ایسے کوہ پیماؤں کیلئے میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازم ہو گا۔
 

شیئر: