اسلام آباد..... سپریم کورٹ نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔ شرجیل میمن پر محکمہ اطلاعات میں 5 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے الزامات ہیں اور اس کیس میں 23 اکتوبر کو سندھ ہائیکورٹ نے ان کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کی جس کے بعد نیب نے انہیں احاطہ عدالت سے گرفتار کیا تھا۔منگل کو شرجیل میمن نے کرپشن کے مقدمے میں ضمانت کےلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔عدالت عظمیٰ نے شرجیل میمن کے وکیل اور استغاثہ کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد سابق صوبائی وزیر کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ گرفتار افراد ضمانت کےلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔عدالت عظمیٰ نے نیب کو ایک ہفتے میں جواب بھی داخل کرنے کا حکم دیا۔