ٔ لکھنؤ- - - - - الٰہ آباد میں منگل سے سنگم پر لگنے والے ماگھ میلے کا آغاز ہوگیا لیکن پنڈتوں اور سادھوؤں نے میلے میں سنگم پر غسل کرنے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سنگم پر گنگا اور جمنا کا پانی اتنا گندا اور بدبودار ہوگیا ہے کہ اس میں غسل کرنا ہزاروں قسم کی بیماریوں کو دعوت دینا ہے۔ ان سادھوؤں نے ایک ماہ قبل ہی حکومت کو انتباہ دیا تھا کہ سنگم کی صفائی کراکے وہاں صاف ستھرا پانی مہیا کرایا جائے لیکن یوگی حکومت ایسا کرنے سے قاصر رہی اسی لیے منگل کو میلے کا آغاز ہوتے ہی مذہبی رہنماؤں نے وہاں غسل کرنے سے انکار کردیا ۔میلے میں پھیلی بد نظمی کی شکایت کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل سماج وادی حکومت میں نہ تو بد نظمی تھی اور نہ ہی ہندو مذہبی لیڈروں کو نظر انداز کیا جاتا تھا بلکہ مذہبی امور میں ان سے باقاعدہ مشورہ کیا جاتا تھا۔ اسی طرح میلے میں تعینات پولیس کی تعداد بھی اس بار کم نظر آرہی ہے اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے ایس ایس پی سے پوچھا کہ کتنی کمپنیاں پولیس ، پی اے سی اور نیم فوجی دستوں کی لگائی گئی ہیں تو انھوں نے صاف طور پر کہا کہ یہ تو میں نہیں بتا پاؤں گا لیکن تعداد اچھی خاصی ہے۔