پاکستانی ٹیم کا پریکٹس میچ سے دورہ نیوزی لینڈ کا آغاز
نیلسن:نیوزی لینڈ کے خلاف آج ہو نے والے پریکٹس میچ کیلئے پاکستانی ٹیم کا انتخاب کرلیا گیا اور اوپنر اظہر علی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔پاکستانی ٹیم اور نیوزی لینڈ الیون کے درمیان ون ڈے پریکٹس میچ کیلئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے جس میں فخر زمان، اظہر علی، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی، محمد عامر اور رومان رئیس شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ الیون سے پریکٹس میچ سے ایک روز قبل نیلسن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن بارش سے متاثرہوا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھرکا کہناتھا بارش کے باعث ٹیم گراونڈ میں پریکٹس نہ کرسکی اور انڈور پریکٹس کے دوران مختلف سیشنز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ۔کوچ کا کہنا تھا کہ ہماری تیاری مکمل ہے اور بارش کی وجہ سے پریکٹس نہ ہو نے سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم اس دورے میں میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔ 5 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 6 جنوری سے ویلنگٹن میں ہو گا۔ 9 جنوری کو دوسرا ون ڈے نیلسن، 13 جنوری کو تیسرا ون ڈے ڈونیڈن، 16 جنوری کو چوتھا ون ڈے ہیملٹن جبکہ 19 جنوری کو پانچواں اور آخری ون ڈے ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 22 جنوری کو ویلنگٹن، دوسرا 25 جنوری کو آکلینڈ اور تیسرا 28 جنوری کو ماونٹ مانگینوئی میں کھیلا جائے گا۔