ان لوگوں نے جرمانے اور سزا سے بچنے کیلئے دی گئی طویل مہلت سے فائدہ نہیں اٹھایا
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) مملکت میں جاری غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف مہم کے دوران گزشتہ روز جدہ ریجن کے جنوبی علاقے سے 672 تارکین کو گرفتار کیا گیا ۔غیرقانونی تارکین کے خلاف مہم میں گورنریٹ کے سیکرٹری جنرل شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی آل سعود بھی شریک ہوئے اور تمام کارروائیوں کا براہ راست جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ریجنل پولیس ڈائریکٹر جنرل عبداللطیف اور جدہ پولیس کے سربراہ بریگیڈئیر محمد مبارک الوذینانی کے علاوہ دیگر اداروں کے اہم عہدیدار اور اخباری نمائندے بھی موجود تھے ۔ پولیس سربراہ نے شہزادہ سعود کو مہم کے حوالے سے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا اور مہم میں شامل تمام اداروں کے بارے میں بتایا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ کی واضح ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مملکت کو غیر قانونی طور پر مقیم افراد سے خالی کرنے کےلئے مہم پر عمل کیاجارہا ہے جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ دیگر اہم ادارے بھی شرکت کر تے ہیں ۔مہم کا آغاز نصف شب کے بعد کیا گیا ۔ جدہ کے جنوبی علاقے الخمرہ سے 672 افراد کو گرفتار کیا گیا جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے ۔ واضح رہے سعودی حکومت کی جانب سے غیر قانونی تارکین کو ملک چھوڑدینے کے لئے کافی عرصہ تک مہلت دی گئی تھی جس کے دوران جانے والوں پر کسی قسم کا جرمانہ اور سزا کا اطلاق نہیں کیا گیا تھا ۔ مہلت کی مدت ختم ہونے کے بعد اس میں اضافہ بھی کیا گیا تھا ۔