مکہ مکرمہ۔۔۔سعودی عرب کے تمام صوبوں ، کمشنریوں اور تحصیلوں میں نبی کریم کی اتباع میں صلاۃ استسقا ادا کی گئی۔ نماز میں شریک سعودی اور مقیم غیر ملکی مسلمانوں نے اللہ تبارک و تعالیٰ سے باران رحمت کی دعائیں کیں۔اپنے گناہوں کا اعتراف کرتے ہوئے مغفرت کی درخواست کی اور آئندہ ساری زندگی قرآن و سنت کے مطابق ادا کرنے کا اظہار کیا۔سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں ہوا۔ گورنر شہزادہ خالد الفیصل صلاۃ الاستسقا ادا کرنیوالوں میںشامل تھے۔ حرم شریف کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر بندر بلیلہ نے نماز پڑھائی اور خطبہ دیا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ جب لوگ سنگ دل ہوجاتے ہیں اور ایمان و یقین متزلزل ہونے لگتا ہے تو ہر طرف سے لوگ آفتوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں ۔ آلام و مصائب انہیں گھیر لیتے ہیں۔ امام حرم نے کہا کہ تمام مسلمان گناہوں پر توبہ کریں، لوگوں کے حقوق ادا کریں ، مظلومین کا دل جیتیں، گناہوں اور برائیوں سے دور رہیں۔ استسقا کی نماز کا دوسرا بڑا اجتماع مدینہ منورہ کی مسجد نبوی شریف میں ہوا جہاں سیکریٹری گورنریٹ وہیب السہلی پیش پیش تھے۔ یہاں امامت شیخ ڈاکٹر المحسن القاسم نے کی۔ امام القاسم نے توجہ دلائی کہ تمام لوگ اللہ کے محتاج ہیں۔ تنگی خوشحالی ہرحال میں اللہ کی مدد درکار ہوتی ہے۔ مصائب کا ازالہ اللہ کے سوا کوئی نہیں کرسکتا لہذا اسی سے گڑ گڑا کر دعائیں کی جائیں، مشکل آسان کریگا۔مملکت کے تمام علاقوں میں اسی طرح کے خطبات دیئے گئے۔ مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صلاۃ استسقا کی اپیل کی تھی۔