طائف۔۔۔۔سعودی شہری کو نیک نیتی کے ساتھ یمنی شہری کے ساتھ تعاون بڑا مہنگا پڑگیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک یمنی شہری کی ماں بیمار ہوگئی تھی۔ سعودی نے علاج کیلئے اسے اپنی ماں کے نام پر اسپتال میں داخل کرادیا جہاں اس کا انتقال ہوگیا۔ اس صورتحال نے سعودی شہری اور اس کے اعزہ کو غیر معمولی آزمائش میں ڈال دیا۔طائف محکمہ صحت کے ترجمان عبدالہادی الربیعی نے سبق کو اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ ایک شہری ایک مریضہ کے ہمراہ ایمرجنسی وارڈ آیا۔ اس نے کہا کہ یہ اس کی ماں ہے۔ اس نے اپنی ماں کا شناختی کارڈ بھی پیش کردیا۔ اسپتال انتظامیہ نے قانون کے بموجب اس کا علاج شروع کردیا تاہم بعد میں اس کا انتقال ہوگیا۔اسپتال انتظامیہ نے وزارت داخلہ اور محکمہ احوال مدنیہ کے قانون کے بموجب متوفی خاتون کا وفات نامہ سعودی شہری کی ماں کے نام سے جاری کردیا۔ اسپتال نے متوفی کے رشتے داروں کو اپنی عزیز خاتون کی نعش وصول کرنے کیلئے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے اس کی نعش قبول کرنے سے معذرت کردی کہ کہیں نہ کہیں کوئی گڑبڑہے وہ ہماری عزیز نہیں۔