نالج کور اکیڈمی میں یوتھ فورم کی تقریب میں کمیونٹی کی بڑی تعداد کی شرکت، نوجوانوں کو تعمیری ماحول فراہم کیا جائے، مقررین
* * * ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض* * *
سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کا کہنا ہے کہ اقوام کی زندگی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ قومیں اپنے نوجوانوں سے توقعات رکھتی ہیں اور فخر کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نالج کور اکیڈمی میں منعقدہ پاک یوتھ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان بے شمار صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ اس نے تمام شعبہ ہائے زندگی میں اپنے آپ کو منوایا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو بہتر ماحول دیکر ان کی صلاحیتوں سے بہتر انداز میں فائدہ اٹھایا جا ئے۔
سینیئر ایڈوائزری ممبر تصدق گیلانی کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ عزم وہمت کے ساتھ آگے بڑھیںاور اپنے مقصد حیات کو سمجھیں کہ وہ اس دنیا میں کیا کرنے آئے ہیں اور وہ کیا کر سکتے ہیں۔اپنی زندگی میں کچھ ٹارگٹ رکھیں اور ان کے حصول کے لئے کوشش کریں۔
ندیم بھٹی نے پاکستانی کلچر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا نوجوان جب پاکستان سے نکل کر دنیا بھر میں جاتا ہے تو وہ اپنے ثقافتی رنگوں سے دور ہو جاتا ہے اور آہستہ آہستہ دوسروں کی ثقافت کو اختیار کرتا ہے۔ اس کا حل یہی ہے کہ جہاں جہاں پاکستانی موجود ہیں ،وہ ایک جگہ پر متحد رہ کر اپنے ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرتے رہیں۔
وقار نسیم وامق کا کہنا تھا کہ پاک یوتھ فورم ایسے نوجوانوں پر مشتمل ہے جو زیادہ تر سعودی عرب میں ہی پیدا ہوئے اور ان کی تعلیم وتربیت بھی اسی ماحول میں ہوئی۔ اسکے علاوہ ہمارے دیگر نوجوان بھی اس اہم ترین فورم کا اثاثہ ہیں۔
فورم کے صدر گل زیب کیانی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہے کہ نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جائے جس پر وہ اکٹھا ہو کر کام کر سکیں اور جس طرح ہماری اس کاوش کو سراہا گیا ہے ہمارا حوصلہ بلند ہوا ہے۔ فورم کے انفارمیشن سیکریٹری اویس رحمان نے حاضرین کو اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ گروپ کا مقصد یہی ہے کہ نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرکے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اس سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔
تقریب میں نظامت کے فرائض عمیر شیخ نے ادا کیے جبکہ بلال ارشد جو فورم کے نائب صدر بھی ہیں، انہوں نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرنے کے علاوہ کوئز پروگرام کو شاندار انداز میں پیش کیا اور مختلف سوالوں کے جوابات دینے والوں کو انعامات سے بھی نوازا۔