قرآن مجید شعور وآگہی کے مسلسل سفر میں کسی طرح حائل نہیں ہوتا بلکہ مظاہر کائنات کو دلیل کے طور پر پیش کرتا ہے
* * * عارف عزیز۔بھوپال* * *
قرآن حکیم اللہ تعالیٰ کا کلام ہے جسے حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کیا گیا۔یہ مقدس کتاب مذہب اسلام کی اساس اور بڑی حکمت والی ہے جو 14سو سال سے حرف بہ حرف اپنی اصلی حالت میں موجود ہے۔ اللہ تعالیٰ نے تاقیامت اس کی حفاظت کا وعدہ فرمایا ہے۔اس صحیفۂ آسمانی کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ تمام شعبہ ہائے زندگی یا فن کے ماہرین سے اُنہی کی زبان، اصطلاحات اور امثال کی روشنی میں بات کرتی ہے۔اس کا اعجاز یہ بھی ہے کہ اجنبی زبان، کم علم اور ناواقف لوگوں کو بھی اس کے مفہوم ومقصد کو سمجھنے میں دشواری نہیں ہوتی اور ماہرینِ فن اس کتابِ حکمت کی باریکیوں کی تحقیق وجستجو کرتے ہیں تو یہ کتابِ مبین انہیں کائنات کے اسرار ورموز سمجھنے اور سائنٹفک انداز میں اس پر غور وتدبر کی دعوت دیتی ہے۔اس میں انسانی زندگی سے متعلق تمام پہلوئوں کا احاطہ ہے اور وہ اخلاقی لحاظ سے ایک بہتر زندگی بسر کرنے کی تلقین کرتی ہے۔
جزیرۃ العرب کے جہالت زدہ اور تہذیب سے ناآشنا ماحول میں قرآن کریم کی جو آیات سب سے پہلے نازل ہوئیں وہ ’’علم وقلم‘‘ سے متعلق تھیں جن میں بتایا گیا کہ انسان کی تخلیق ہی اللہ تعالیٰ کی قدرت کو ظاہر نہیں کرتی بلکہ اس کو قلم کا استعمال سکھانا اور نامعلوم کو معلوم کرنے کا سلیقہ عطا کرنا بھی قدرت ِالٰہی کا بے مثال کارنامہ ہے ۔جو اللہ جمے ہوئے خون یعنی علق میں جان ڈالتا ہے اُسی نے انسان کو علم دے کر تمام مخلوقات پر شرف بخشا ہے۔ ’’سورہ علق‘‘ کی مذکورہ آیات میں حیات بخشنے اور علم عطا کرنے کا ایک ساتھ ذکر ہی اس حقیقت کو سمجھنے کے لئے کافی ہے کہ اسلام وقرآن نے انسانی زندگی سے علم کا کتنا گہرا رشتہ قائم کیا ہے اسی لئے قرآن حکیم کو سرچشمہ ٔ ہدایت کے ساتھ خزینۂ حکمت سے بھی موسوم کیا گیا ہے۔
دنیا میں جو کچھ نعمتیں مالک حقیقی نے اپنے بندوں کو مرحمت فرمائیں، ان میں مال ودولت یا عزت ووجاہت کسی کے بارے میں اضافہ کی تمنا کرنے کو نہیں کہا گیا ،صرف علم کے تئیں یہ تلقین کی گئی کہ اللہ سے مانگو ’’میرے رب مجھے اور زیادہ علم عطا فرما‘‘۔
تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ جب تک مسلمان اس فکر انگیز کتاب ’’قرآن حکیم‘‘ کو سرچشمۂ علم وعرفان سمجھ کر پڑھتے رہے، اس کے معنیٰ ومفہوم پر غور وفکر کرکے اپنے علم و وجدان میں اضافہ کرتے رہے تو دنیا کے حقائق ومعارف کے رازہائے سربستہ ان پر کھلتے چلے گئے۔ صحابہ کرام ؓ جو قرآن مجید کے اولین مخاطب تھے اور جن کی تربیت براہِ راست ایوانِ نبوت سے ہوئی تھی، ایک ایک سورۃ پر برسوں غوروفکر کیا کرتے تھے ۔حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت منقول ہے کہ آپ ’’سورۃ البقرہ‘‘ پر مسلسل 8برس تدبر فرماتے رہے، اسی لئے قرآن حکیم میں نشانیاں اور آیات کے بیان میں تدبر کرنے والوں کے لئے ، عقل وفہم والوں کے لئے اور نصیحت پکڑنے والوں کے لئے جیسے کلمات ادا کرکے سبھی انسانوں کو غور وخوض کی دعوت دی گئی۔اس کتاب ِمقدس کا یہ اعجاز نہیں تو اور کیا ہے کہ عصر حاضر کے جدید علوم سے متعلق جن بنیادی اور اہم باتوں کا قرآن میں14سو برس پہلے انکشاف کیا گیا وقت کی کسوٹی پر وہ اب صحیح ثابت ہوئے اور مستقبل میں بھی اس پر غور وفکر کرنے والوں کے لئے بہ منشائے الٰہی یہ ظاہر ہوتے رہیں گے۔
امام غزالی ، علامہ سیوطی اور حضرت شاہ ولی اللہ رحمہم اللہؒ نے قرآن پاک میں حکمت ، علم کائنات اور نظم کائنات سے متعلق 700 سے زیادہ آیات کی نشاندہی کی ہے اور امام غزالی رحمۃ اللہ علیہؒ نے تو یہاں تک فرمایا ہے کہ ایسے متعدد علوم بھی ہوسکتے ہیں جن تک نسلِ انسانی کی رسائی نہیں ہوسکی اور کتابِ الٰہی پر تدبر کے بعد ان کا انکشاف ممکن ہے۔
شاعر مشرق علامہ اقبال رحمہ اللہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے والد ماجد نے نوعمری میں اپنے بیٹے کو نصیحت کی تھی کہ قرآن حکیم کا مطالعہ یہ سمجھ کر کریں گویا یہ ان پر نازل ہوا ہے اور اللہ تعالیٰ خود ان سے ہم کلام ہے۔ اس نصیحت کے بعد اقبال رحمہ اللہ ؒنے کمالِ توجہ سے قرآن کا مطالعہ کیا تو اس کے اسرار ورموز اُن پر منکشف ہونے لگے۔ برسوں کے غور وخوض کے بعد اقبال رحمہ اللہؒ آخر کار اس نتیجہ پر پہنچے کہ دنیا کے سارے مسائل ومصائب کا علاج صرف قرآن مجید ہے۔ علامہ اقبال کی اسی فکر کو جسے ایک جہاں نے خراج تحسین پیش کیا بجا طور پر قرآنی فکر سے تعبیر کیا جاسکتا ہے، یہی فکر تھی جو شاعری کے لباس میں ایک آفاقی پیغام بن کر آخر کار دنیا کے سامنے آئی۔
سمجھنے اور غور کرنے والی بات یہ بھی ہے کہ قرآن شعور وآگہی کے مسلسل سفر میں کسی طرح حائل نہیں ہوتا بلکہ مظاہر کائنات کو دلیل کے طور پر پیش کرتا ہے۔ اوٹاوہ یونیورسٹی کے فرانسیسی پروفیسر اور سرجن ڈاکٹر مورس بوکائلے کا تو دعویٰ ہے کہ ’’تخلیق کائنات کے بارے میں آج جتنے بھی قابل فہم نظریات دنیا میں رائج ہیں وہ سب قرآن حکیم کے بیان کئے ہوئے نظریہ کے عین مطابق ہیں اور یہ کہ قرآن پاک میں تسخیرِ کائنات، قدرتی تغیرات اور آسمانی مخلوق کے بارے میں جو کچھ کہا گیا، جدید سائنسی تحقیق اسے تسلیم کرتی ہے‘‘۔
بوکائلے نے اپنی کتاب ’’بائبل ، قرآن اور سائنس‘‘ میں یہ بھی کہا ہے کہ قرآن میں ایسی خبریں موجود ہیں جو اس کے نزول کے وقت دستیاب نہیں تھیں اور کچھ ایسے پہلو بھی شامل ہیں جو چھٹی صدی مسیحی یعنی طلوع اسلام کے وقت عوام الناس کے تصورات کے منافی تھے۔ مثال کے طور پر روزِ قیامت انسانی اعمال کے حساب وکتاب کے بارے میں قرآن کے دلائل عقل کے گھوڑے دوڑانے والوں کے کبھی گلے نہیں اترے لیکن جدیدتحقیق سے یہ واضح ہوگیا کہ انسان جن حرکات کا مرتکب ہوتا ہے ،وہ سب فضا ئے بسیط میں موجود رہتی ہیں، ان کو ایک کیسٹ میں بھر کر محفوظ رکھا اور ضرورت کے وقت دیکھا یا سنا جاسکتا ہے۔ سیٹلائٹ نظام کے ذریعہ ہندوستان میں انجام دیئے جانے والے کام ہزاروں میل کے فاصلہ پر امریکہ، یورپ اور افریقہ میں دیکھے جاسکتے ہیں تو کیا دنیا کا خالق ومالک اس پرقادر نہیں کہ وہ روز قیامت بندہ کو اس کے اعمال کا کیسٹ سنادے جس کو دنیا میں کراماً کاتبین (دونوں کاندھوں پر جو فرشتے ہیں) نے ٹیپ کررکھا ہے اور بندہ بے ساختہ پکار اٹھے کہ:
مال ھذا الکتاب لایغادر صغیرۃ ولاکبیرۃ الا احصاھا ۔
’’یہ کیسی کتاب (کیسٹ) ہے جو تمام چھوٹی بڑی باتوں کو شمار کئے جارہی ہے‘‘(الکہف49)۔
صدیوں پہلے قرآن حکیم نے فلکیات کے بارے میں جو دعوے کئے تھے اور جن میں رات، دن، سورج، چاند اور ستاروں کو اللہ تعالیٰ کے حکم سے انسانوں کے لئے مسخر کرنے کا مژدہ سنایا گیا تھا اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ اجرامِ فلکی خلاء میں تیر رہے ہیں اور محوگردش ہیں، آج سائنس نے اس کو تسلیم کرلیا ہے اور یہ بھی مانتی ہے کہ کسی دن اجرام فلکی کی قوت وکشش بگڑ جانے سے پوری دنیا برباد اور مخلوقات ہلاک ہوسکتی ہیں۔ وہ قرآن کے الفاظ میں ’’روزقیامت‘‘ ہوگا ،جس کی پیشن گوئی اور منظر کشی سورہ ابراہیم ، سورہ انبیاء اور سورہ دخان میں کی گئی ہے۔
قرآن مجید میں سورج کو ایک روشن چراغ اور چاند کو نور سے تعبیر کیا گیا ہے۔سورہ والشمس میں وضاحت کے ساتھ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’اور قسم ہے سورج کی جو خوب روشن ہے اور چاند کی جو اس کے پیچھے آتا ہے۔‘‘(الشمس1,2)۔
یعنی روشن تو سورج ہے اور چاند کی روشنی اس سے مستعار ہے ، یہی جدید سائنس بھی کہتی ہے۔
انسان نے آج خلاء کی تسخیر کرلی اور چاند تک اس کے قدموں کی دھمک محسوس ہورہی ہے جو دوسری اقوام کے لئے باعث حیرت ہوسکتا ہے لیکن حاملینِ قرآن کے لئے نہیں کیونکہ اس کے امکانات کے بارے میں قرآن پاک میں واضح اشارے موجود ہیں۔ سورہ رحمان میںانسانوں اور جنوں کے گروہوں کو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ ’’اگر تم زمین وآسمان کے کناروں سے نکل جانا چاہتے ہو تو نکل جائو لیکن کسی زور کے بغیر نہیں نکل سکتے۔مفسرین نے اس آیت کے لفظ ’’سلطان‘‘ کی تصریح زور، علم اور ادراک سے کی ہے۔ خلائی سائنس کے ادراک سے ہی انسان کو آج چاند تک پہنچنے کا موقع میسر آیا ہے۔ قرآن پاک کی ’’سورہ فرقان‘‘ میں 2دریائوں کے مختلف النوع پانی کے ملنے کے باوجود اس کے ذائقہ وہیئت کے مختلف ہونے اور ان کے درمیان ایک قوی حجاب کا جو انکشاف کیا گیا ہے، فرانسیسی سائنس داں کیسٹواپنے بحری سفر کے دوران بحر احمر اور بحر روم کے سنگم میں اس کا مشاہدہ کرکے قرآن کی حقانیت پر ایمان لاچکا ہے۔
آئن اسٹائن کے نظریۂ اضافت کے مطابق کسی شئے کی رفتار روشنی سے زیادہ یا اس کے برابر نہیں ہوسکتی اور اگر ایسا ہوجائے تو اس کے لئے وقت ٹھہر جائے گا اور اس کی مادیت اور اس کی توانائی برابر ہوجائے گی۔ روشنی کے برابر رفتار3 لاکھ کلو میٹر فی سیکنڈحاصل کرلینے کے بعد کسی چیز کو لاکھوں کروڑ وںکلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے میں چند لمحوں کا وقت لگے گا اور کیونکہ اسلام میں روشنی یا نور کو ایک اہم مقام حاصل ہے لہذا حضورصلی اللہ علیہ وسلم کا واقعہ معراج اب تعجب خیز نہیں رہ گیا۔
یہ اور اسی طرح کے سیکڑوں واقعات وانکشافات ہیں خواہ ان کا تعلق کائنات کی پیدائش سے ہو یا فرعون کی نعش کی قدامت سے، علم حیات سے ہو یا علم طبعیات سے، یہ صحیفۂ آسمانی ان کے بارے میں ایک جامع اور مکمل تصور پیش کرتا ہے، جو ثابت کرنے کے لئے کافی ہے کہ قرآن حکیم کلامِ الٰہی ہے اور یہ کائنات اس کی تخلیق ہے جبکہ سائنس اس کائنات کے اصولوں کو مادی طور پر سمجھنے کا نام ہے اس لئے سائنس کی صحیح اور مسلمہ چیزوں اور قرآن کی تفسیر میں تضاد کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ مالکِ حقیقی کے قول وفعل میں تضاد نہیں ہوسکتا۔ تضاد وغلط فہمی حقیقت میں ہمارے علم ِناقص کا نتیجہ ہے۔