افغان کرکٹ بورڈ نے اپنی کامیابیوں کا سہرا ہند کے سر باندھ دیا
کابل:افغانستان کے کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کے میدان میں اپنی ٹیم کی حالیہ کامیابیوں اور ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کا سہرا ہندوستانی بورڈ کے سر باندھ دیا ۔ساری دنیا یہ جانتی ہے کہ افغانستان کے کرکٹرز نے پاکستان میں قائم پناہ گزیں کیمپوں میں کرکٹ کھیلنا شروع کی اور پاکستان نے جنگ زدہ ملک میں کرکٹ کی ترقی کیلئے بے مثال تعاون کیا اور اس ٹیم نے اپنا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو بھی پاکستانی ٹیم کے ساتھ کھیل کیا ۔لیکن افغانستان نے کرکٹ میں بھی پاکستان کے بے مثال تعاون کو فراموش کرتے ہوئے اپنی کامیابیوں کا تمام تر کریڈٹ ہند کو دے دیا۔افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اصغر استانکزئی نے کہا کہ جب سے ہم نے ہند کو اپنا ہوم گراونڈ بنایا ہے، ہماری کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی سپورٹ کی کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ہم نے پاکستان میں ٹریننگ کی لیکن ہمارا شمار ایسوسی ایٹ اور کمزور ٹیموں میں ہوتا تھا لیکن ہوم گراونڈ ہند منتقلی کے بعد سے ہماری کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی اور ہم بڑی ٹیموں کے خلاف کھیل سکتے ہیں۔ آئی سی سی نے گزشتہ سال ہی افغانستان کو ٹیسٹ اسٹیٹس دینے کا اعلان کیا تھا اور افغان ٹیم رواں سال بنگلور میں ہندکے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلے گی۔