لاہور...وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے قصور میں کمسن بچی ز ینب کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرنے کی تصدیق کردی۔زینب کا قاتل 24 سالہ عمران سیریل کلر اور قصور کا رہائشی ہے۔لاہور میں زینب کے والد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ قوم کی بیٹی کے قتل پر دل اشک بار ہے۔قاتل کی گرفتاری کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے دن رات کام کیا۔ پنجاب فارنسک لیب نے تحقیقات میں مدد کی جس سے ملزم کو پکڑنا ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ سول اور ملٹری ایجنسیوں نے ایک ٹیم بن کر محنت کی۔ ملزم کی گرفتاری کی کوششوں کے دوران ایک ہزار 150 ڈی این ایز کی پروفائلنگ کی گئی۔ڈی این اے میچ ہونے کے بعد پولی گراف ٹیسٹ بھی کیا گیا ۔ اس کی وڈیو موجود ہے ۔ ملزم عمران نے تمام سیاہ کاریوں اور درندگی کا اعتراف کیا ہے۔ اسے کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ میرا بس چلے تو مجرم کو سرعام چوک میں پھانسی دیدوں۔ انہوں نے کہا کہ دن اور رات کیس چلنا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کے بعد سیاسی شعبدہ بازی کی گئی ۔ زینب کو تو واپس نہیں لا سکتے لیکن ملزم کی گرفتاری کا وعدہ کیا تھا اسے پورا کردیا۔