نئی دہلی۔۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈیواس کے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں ہندی میں تقریر کی۔ انہوں نے اپنی تقریر کی شروعات ’’نمسکار‘‘سے کی۔انہوں نے تقریر میں چیلنجوں ، موسمی تبدیلی ، دہشتگردی اور دنیا میں ہونیوالی تبدیلیوں کا ذکر کیا۔وزیر اعظم مودی نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ مفادات کی جنگ سے باہر نکل کر دہشتگردی ،موسمی تبدیلی اور علاقائی سالمیت کے خطرات سے نمٹنے کیلئے متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ہم آزادی کا ایک ایسا جہاں تعمیر کریں جہاں تفرقہ و انتشار نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کو ہمیشہ ایک فیملی کے طور پر دیکھتا ہے۔وزیر اعظم نے تمام ممالک کو دہشتگردی ، موسمی تبدیلیوں اورجغرافیائی تبدیلیوں سے خبردار کیا۔اس موقع پر انہوں نے قدیم کتابوں کے حوالے دیئے۔ اپنی ایک گھنٹے کی تقریر میں سب کیلئے خوشی اور خوشحالی ، تندرستی اور امن و امان کی خواہش ظاہر کی۔