پاکستان سپر لیگ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ میں نمائشی میچ کا اعلان
راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی تیاریوں کے سلسلے میں سابق چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دونوں ٹورنامنٹ کی فائنلسٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں نمائشی میچ کھیلیں گی ۔اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان نمائشی میچ 15 فروری کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی، کپتان مصباح الحق اور کو ئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خا ن نے اس میچ کے انعقادکا اعلان کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان نے کہا کہ نمائشی میچ اچھا اقدام ہے، میچ میں نہ صرف کھلاڑی بلکہ ٹیم اسٹاف کے ارکان بھی حصہ لیں گے اور اس میچ کا مقصد ٹورنامنٹ سے قبل ایک ماحول بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دوسرا نمائشی میچ کوئٹہ میں کھیلنے کی درخواست ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نمائشی میچ ہوگا ، پی ایس ایل ملک کا سب سے بڑا کرکٹ مقابلہ ہے اور ان شااللہ کوئٹہ میں نمائشی میچ کروائیں گے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ تمام ٹیموں نے اچھی تیاری کی ہے اور پی ایس ایل میں زبردست مقابلوں کی امید ہے۔