نیویارک ...پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا میں امن واستحکام کے لئے کشمیر ، فلسطین اور دوسرے دیرینہ تنازعات کے تصفیئے کے لئے اپنی قرار دادوں پر عملد رآمد کرائے ۔سلامتی کونسل میں مشرق وسطی کی صورتحال پر مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے خبردارکیا اگر عالمی ادارہ اس سلسلے میں ناکام ہوا تو دنیا بھر کے لوگوں کا اس پراعتماد ختم ہوجائے گا۔کشمیراورفلسطین کے معاملے پراقوام متحدہ کی ساکھ خطرے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کی قانونی حیثیت مکمل طورپر واضح ہے۔بیت المقدس میں سفارتخانے کی منتقلی اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کو دوام دینے کے مترادف ہے۔ سفارتخانوں کی القدس منتقلی سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید بگڑ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کو مالی مشکلات پرتشویش ہے۔