بیسپگارڈن ، سویڈن.... گلہریوں کو اکثر درختوں پر چڑھتے اترتے اور شرارتیں کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے مگر جنگلی گلہریوں کے انداز کچھ اور ہی ہوتے ہیں۔ ایک مقامی فوٹو گرافر نے کچھ ایسی گلہریوں کی تصاویر اور وڈیو تیار کرکے جاری کردی ہیں جو دیکھنے میں بیحد پیاری اور حیرت انگیز ہیں۔ ان تصاویر او روڈیو میں گلہریوں نے کچھ اس طرح سے تیاریاں کرنے کا مظاہرہ کیا جیسے وہ ونٹر اولمپکس کے مقابلوں میں شرکت کررہی ہوں۔ 48سالہ فوٹو گرافر گیئرٹ ویگن کا کہناہے کہ جس علاقے میں یہ تصاویر اتاری گئی ہیں وہاں طرح طرح کی گلہریوں کی بھرمار ہے۔ اس نے فوٹو گرافی کا کام اب سے 5سال قبل اپنے ہی باغیچے میں شروع کیا تھا اوریہ شوق اتنا بڑھا کہ اب وہ دوسری جگہوں پر بھی جاکر تصاویر اتارتا ہے۔ اسکی جاری کردہ نئی تصاویر میں نظرآنے والی گلہریاں غالباً فروری میں منعقد ہونے والے ونٹر اولمپکس کی تیاریاں کررہی تھیں۔ انہوں نے ایک سنو بورڈ پر بھی سواری کی۔ گولے پر کھڑے ہوکر بھی کرتب دکھائے اور پھر وکٹری اسٹینڈ پر اس طرح کھڑی ہوگئیں جیسے مختلف مقابلوں کے بعد کامیاب ہونے والے کھڑے ہوتے ہیں اور اعزاز سے نوازے جاتے ہیں۔ گیئرٹ کا کہناہے کہ تصاویر بہرحال جو اب جاری ہوئی ہیں خانہ زاد ہیں اور اس نے ان تصاویر کی فوٹو گرافی کیلئے اپنے ہی گھر کے باہر ایک چھوٹا سا آؤٹ ڈور اسٹوڈیو بھی کھول رکھا ہے جو گھر سے متصل ہے۔ تصویر میں نظر آنے والی گلہریوں کی رنگت سرخی مائل تھی۔ تاہم جس ماہ میں یہ تصاویر کھینچی گئیں وہ اکتوبر کا تھا اور آس پاس برفباری ہورہی تھی اور گلہریاں برفباری سے بچنے کیلئے ادھر ادھر کودتی اور چھپتی پھر رہی تھیں۔