پاکستان کے کئی شہر زلزلے سے لرز اٹھے،بچی جاں بحق
لاہور /اسلام آباد... پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔بلوچستان کے شہر بیلہ میں بچی جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔ بدھ کو دو پہر12بجکر10منٹ کے قریب لاہور اور گردونواح کے علاقے زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرزاٹھے-شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے نکل آئے۔ ایک منٹ تک جھٹکے محسوس کئے جاتے رہے۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی ۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا ۔ زیر زمین گہرائی 169 کلومیٹر تھی ۔ کامونکی،شیخوپورہ،قصور ، کوٹلی،راولا کوٹ،مظفر آباد،میر پور آزاد کشمیر, پشاور، ملتان، بھکر ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، ایبٹ آباد، مانسہرہ، گلگت، سوات، لوئر اور اپر دیر، چترال، ہنزہ، اسکردو، لاہور، چلاس، بھلوال، پنڈ دادن خان مری، پسرور، کالا باغ، چنیوٹ، میانوالی، جھنگ، بٹگرام، بنوں، شانگلہ، ڈیرہ اسمعیل خان، چارسدہ اور اوکاڑہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔بلوچستان کے شہر لسبیلہ میں زلزلے سے بیلہ کے علاقے میں ا سکول کی چھت گر گئی ایک بچی کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ گھر کی چھت گرنے سے 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کچے مکانات کی دیواریں گر گئیں اور گھروں کی چھتیں اڑ گئیں ۔اسلام آباد میں زلزلے کے باعث سپریم کورٹ میں کیسز کی سماعت کے دوران وکلا اور دیگر افراد عدالت سے باہر آگئے، چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ تحمل رکھیں کچھ دیر کے آفٹر شاکس ہیں۔ ختم ہو جائیں گے۔ جہانگیر ترین کے وکیل نے کہا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے جب میں دلائل کے لئے روسٹر پر ہوں اور زلزلہ آگیا۔ پارلیمنٹ میں صنعت و پیداوار کمیٹی کے اراکین اجلاس میں موجود تھے جو زلزلے کے باعث خوف سے باہر آگئے۔پشاور کے علاقے لنڈی ارباب میں زلزلے کے باعث ا سکول میں بھگڈر مچ گئی ۔ زلزلے کے جھٹکے سب سے پہلے بلوچستان کے سرحدی ضلع لسبیلہ کے علاقے بیلہ میں محسوس کئے گئے۔ پی ایم ڈی اے کے ترجمان نے کہا کہ زلزے سے کسی بڑے نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں۔واضح رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں سپر بلیو بلڈ مون ہو گا اور ماہرین کے مطابق جب بھی سپر مون ہوتا ہے تو زمین پر چاند کی کشش بے پناہ بڑھ جاتی ہے جس کے سبب اس قسم کے واقعات پیش آنے کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے۔