اسلام آباد...سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے پختونوں کو شناخت دی۔ اب ان محرومیوں کا ازالہ ہوگا۔ جعلی خان کی سونامی نے پختونخوا کو صرف زخم دیئے ۔ زرداری ہاوس اسلام آباد میں صوابی سے سابق ایم پی اے سکندرعرفان کی قیادت میں وفد نے عوامی نیشنل پارٹی کو چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر زرداری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے دہشت گردوں اور شدت پسندوں کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہی دہشت گردوں اور شدت پسندوں سے مزاحمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور چاروں صوبوں میں انتخابات جیتیں گے۔ پنجاب اور پختون خوا میں جیالے وزیر اعلی ہونگے۔ وزیر اعلی ہاوس میں بھٹو کے نعرے گونجیں گے۔زرداری نے وفد کو ہدایت کی کہ ابھی سے اپنے اپنے حلقے میں سرگرم ہو جائیں اس عزم کے ساتھ کہ انتخابات جیتنے ہیں۔