یو پورٹ بیچ ، کیلیفورنیا.... مقامی ساحلی علاقے کے قریب واقع بستی کے ایک مکان پر اچانک ایک ہیلی کاپٹر آگرا جس سے 3افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ روبنسن آر 44ہیلی کاپٹر پر 4افراد سوار تھے۔حادثہ دن کے پونے2 بجے پیش آیا،آس پاس کے لوگ حادثے کا سنتے ہی گھروں سے باہر نکل آئے ۔ پولیس کے بیان کے مطابق موقع پر موجود ایک شخص بھی زخمی ہوگیا۔ یہ بستی ساحل سے بہت کم فاصلے پر واقع تھی اور قریب ہی ایک بازار بھی قائم ہوگیا تھا جسکی وجہ سے اکثر لوگوں کی اس علاقے میں چہل پہل رہتی تھی۔حکام کا کہناہے کہ ہیلی کاپٹر کسی چیز سے ٹکرانے کے بعد نیچے آیا اور پھر گھر کی دیوار سے ٹکرایا جس سے ہیلی کاپٹر تو تباہ ہوا ہی گھر کو بھی اچھا خاصا نقصان پہنچا۔ ہلاک او رزخمی ہونے والوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچا دیا گیا ۔ حادثے کی زد میں آکر تقریباً نیم بدحواس ہوجانے والے افراد کو بھی ٹراما سینٹر پہنچا دیا گیا ہے مگر انکے بارے میں تفصیل سے معلوم نہیں ہوسکا کہ انہیں زخم لگا ہے یا صدمہ پہنچا ہے۔ اسی بستی میں ایک مکان میں رہنے والی ایک خاتون نے اے بی سی سیون چینل کو انٹرویو میں بتایا کہ شروع میں تو اسے ایسا لگا کہ یہ ہیلی کاپٹر اسکے گھر پر گرے گا۔ آواز اتنی زیادہ تیز تھی کہ اوسان خطا ہوگئے۔ آپ یوں سمجھ لیں کہ حادثے کے وقت ایسا محسوس ہورہا تھا کہ کوئی ٹرین گھر پر دوڑتی چلی آرہی ہے۔ عینی شاہدین کا یہ بھی کہناہے کہ جس گھر پر یہ ہیلی کاپٹر گرا اس کے مکین حادثے کے وقت گھر میں موجود تھے مگر یہ انکی خوش قسمتی تھی کہ وہ گھر کے عقبی حصے میں تھے اسلئے محفوظ رہے۔