Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر حج سے پاکستانی وزیر مذہبی امور کی ملاقات ،حج معاہدے پر دستخط

    جدہ ( ارسلان ہاشمی ) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ امسال پاکستانی عازمین حج کی تعداد ایک لاکھ79 ہزار 210 ہوگی ۔ سعودی وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح سے ملاقات مفید رہی ہے جس میں دوطرفہ حج معاہدے پر دستخط بھی کئے ۔ اس موقع پر سیکریٹری مذہبی امور خالد مسعود چوہدری ، ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجدیوسفانی ، ڈائریکٹر حج  امتیازشاہ بھی موجود تھے۔  انہو ں نے اردونیوز کو بتایا کہ پاکستان کے لئے حج کوٹے میں اضافے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ مردم شماری کے مطابق کوٹے کو  بڑھا کر 2لاکھ 10 ہزار کر دیا جائے جس پر سعودی وزیر حج نے یقین دلایا کہ  درخواست پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا ۔سعودی  وزیر حج سے ملاقات کے حوالے سے سردار محمد یوسف کا کہنا تھاکہ پاکستانی عازمین حج کے حوالے سے درخواست کی ہے کہ امسال تمام عازمین کو ریلوے سہولت فراہم کی جائے اگرتمام عازمین کو 2 طرفہ ریلوے سروس کی فراہمی ممکن نہ ہو تو کم ازکم یک طرفہ سہولت ضرور فراہم کی جائے جس پر سعودی وزیر حج نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عازمین حج کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔ سعودی وزیر حج کو تجویز پیش کی کہ پاکستان میں تمام عازمین کی بائیو میٹرک تصدیق ہونے کی صورت میں مملکت آمد پر انہیں بائیو میٹرک سے استثنی دیا جائے تاکہ امیگریشن میں وقت کی بچت ہو اور عازمین جلد از جلد اپنی منزل کی جانب روانہ ہوسکیں ۔ وزیر مذہبی امور نے حج 2017 کے حوالے سے سعودی عرب کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس بہترین انتظامات تھے جس سے عازمین کو کافی سہولت ہو ئی ۔ پاکستانی وفد نے حج 2018 سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دیدی ۔ سعودی وزارت حج کے اہلکاروں نے آئندہ حج انتظامات کے حوالے سے  بھی تبادلہ خیال کیا ۔ واضح رہے پاکستانی وزیر مذہبی امور 3 روزہ دورے پر مملکت آئے ہوئے ہیں اس دوران وہ مختلف امور کا جائزہ بھی لیں گے ۔
 

شیئر: