کیوی سے مٹاپااور بلڈ پریشر کنٹرول
واشنگٹن.... طبی ماہرین نے کہا ہے کیوی پھل موٹاپے، بلڈ پریشر، بلند کولیسٹرول اور جگر کی چربی کوکنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے،خواتین دوران حمل زائد چکنائی والی غذائیں کھاتی ہیں تو اس سے ان کے بچوں پر مضر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔یونیورسٹی آف کولوراڈو کی ماہر کیرن جونشر کی سربراہی میں کی گئی تحقیق کے مطابق جسم کی چربی کئی بیماریوں کی جڑ ہے تاہم اس سے بچاﺅ کے لئے ضروری ہے کہ کیوی پھل کھایا جائے جو موٹاپے، بلڈ پریشر، بلند کولیسٹرول اور جگر کی چربی کوکنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ ”این اے ایف ایل ڈی“ کی بیماری میں جگر پر دھیرے دھیرے چربی چڑھنا شروع ہوجاتی ہے اور صرف امریکا میں ہی 30 سے 40 فیصد افراد اس سے متاثر ہیں جو شراب نوشی نہ کرنے کے باوجود جگر پر چکنائی سے متاثر ہیں۔ آگے چل کر یہ مرض شدت اختیار کرکے جگر کے کئی امراض کی وجہ بنتا ہے۔ماہرین نے تحقیق کے دوران کیوی اور پپیتے میں پایا جانے والا مرکب ’پی کیو کیو‘ ایسی چوہیا کو دیا جو حاملہ تھی اور اسے چکنائی سے بھرپورغذا دینے کے باوجود بھی اس کے بچوں میں فیٹی لیور بیماری بہت کم دیکھی گئی۔ پی پی کیو ایک طرح کا اینٹی آکسیڈنٹ مرکب ہے جو جسم کو فری ریڈیکلز سے بچاتا ہے۔ فری ریڈیکلز ڈی این اے اور دیگر خلیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ ماہرین نے کہا ہے کہ جو لوگ جگر پر چربی اور چکنائی کے شکار ہیں وہ تازہ کیوی ضرور کھائیں کیونکہ اس کا استعمال جگر کو فعال اور چکنائی سے پاک رکھ سکتا ہے۔