لاہور...پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف عدلیہ کے لاڈلے بچے نہیں بلکہ بگڑے ہوئے لاڈلے ہیں ۔انہوں نے نہ صرف عدلیہ کے خلاف جنگ شروع کر رکھی ہے بلکہ آنکھیں دکھا رہے ہیں ۔اقامہ پانامہ سے بڑا جرم ہے۔ اس پر توآرٹیکل 6لگنا چاہیے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی5 فروری کو تاریخی جلسہ کرے گی اور کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ نہ جانے حکومت کیوں خوف کا شکار ہے ۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے جلسے کےلئے لگائے جانے والے پوسٹرز اتار ے جارہے ہیں جو انتہائی شرمناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہر جگہ کہتے پھر رہے ہیں ۔ ان کے خلاف سازش ہو رہی ہے لیکن بتائیں تو سہی ان کے خلاف سازش کون کر رہا ہے ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ نواز شریف ہر دور میں جمہوریت کے خلاف سازش میں ملوث رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کا ماضی سب کے سامنے ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف یہ کہتے پھر رہے ہیں کہ پانامہ کا کیس چلا اور مجھے اقامہ پرنکال دیا گیا ۔اقامہ پانامہ سے بڑا اور سنگین جرم ہے۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ آپ وزیراعظم، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ پاکستان کے ہوں اور کسی دوسرے ملک کی کمپنی کے ملازم بھی ہوں۔ قطع نظر اس کے وہ آپ کے بیٹے کی کمپنی ہے۔ آپ اس ملک او رکمپنی کے وفادار ہو جاتے ہیں ۔