ریاض .... و زیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ صالح آل الشیخ اور ترکی کے مذہبی امور کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی ارباش نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب اور ترکی اہم اسلامی ممالک ہیں۔ دونوں امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے سلسلے میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ ہر سطح پر دونوں ملکوں کے تعلقات منفرد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اتوار کو سعودی وزیراسلامی امور سے ترکی کے سربراہ مذہبی امو راور انکے ہمراہ آئے ہوئے وفد کی ملاقات کے موقع پر کیاگیا۔ آل الشیخ نے آغاز میں اپنے ترک مہمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے ساتھ دینی، سیاسی ، اقتصادی اور سائنسی شعبوں میں ہر سطح پر سعودی عرب کے تعلقات منفردنوعیت کے ہیں۔ پائدار تعلقات میں توسیع، دونوںبرادر ممالک کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی وزارت اسلامی امور کئی برس سے ترکی کے ادارہ مذہبی امو رکے ساتھ تعاون کررہی ہے۔ مستقبل میں بھی تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ ترک وزیر نے کہا کہ ہمارا وفد سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ پروگرام ترتیب دیگا۔ متعد د امو رمیں مشاورت کریگا۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے اہل ایمان کو اس کا حکم دیا ہے۔ اسی کی تعمیل میں یہ کام انجام دیا جائیگا۔ ترک عہدیدار نے توجہ دلائی کہ متعدد ممالک میں فرزندانِ اسلام ، ظلم و ستم، جہالت ، غربت اور فاقہ کشی جیسے سنگین مسائل سے دوچا ر ہیں۔ان لوگوں کی بابت گفت و شنید اورصلاح و مشورہ بیحد اہمیت رکھتا ہے۔ مشاورت کے خوشگوار نتائج برآمد ہونگے۔ دونوں رہنماﺅں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طور طریقو ںپر بھی تبادلہ خیال کیا۔