اللیث .... پولیس اہلکاروں نے خادمہ کی جمع پونچی تلاش کر کے لوٹا دی ۔ خریداری کے دوران پرس گم ہو گیا تھا جسے ایک غیر ملکی نے اٹھا لیا۔ سبق نیوز کے مطابق برسوں سے مملکت میں خادمہ کے طور پر کام کرنے والی خاتون مستقل طور پر وطن جانے کی غرض سے اہل خانہ کےلئے تحائف خریدنے کےلئے اپنے کفیل کے ساتھ مارکیٹ گئی جہاں وہ ایک جگہ اپنا پرس بھول گئی جس میں اسکی جمع پونچی جو کہ 12 ہزار ریال تھی بھول گئی ۔ ایک دکان سے تحائف خریدنے کے بعد جب ادائیگی کے لئے رقم نکالنے کیلئے تو پرس غائب تھا جس پر خادمہ کے ہوش و حواس گم ہو گئے ۔ اسکے کفیل نے فوری طور پر پولیس طلب کی جنہو ںنے مارکیٹ کے سی سی ٹی وی کے ذریعے اس وقت کی وڈیودیکھی جس دوران وہ لوگ خریداری کر رہے تھے ۔ وڈیو میں خادمہ نے اپنا بیگ شناخت کر لیا جسے ایک غیر ملکی اٹھائے لے جارہا تھا ۔ پولیس نے ملزم کی شناخت کروانے کے بعد اسے گرفتار کر کے مسروقہ بیگ برآمد کر لیا جس میں رقم بھی موجود تھی ۔ پولیس نے خادمہ کو اسکی رقم لوٹا دی جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے تحقیقاتی ادارے کے سپرد کر دیا گیا ۔ بروقت کارروائی سے خادمہ اپنی برسوں کی جمع پونجی سے محروم ہونے سے بچ گئی ۔