بالی وڈخانز کیساتھ اداکاری اعزازہے، رانی مکھرجی
بالی وڈ ادا کارہ رانی مکھر جی نے سلمان خان، عامر خان اور شاہ رخان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے ۔دکن کے اخبار کے مطابق رانی مکھرجی نے اپنی آنے والی فلم ” ہچکی“ کی تشہیر کےلئے نجی چینل پر نشر ہونے والے بنگالی ریالٹی شو’ ’دادا گیری ان لمیٹڈ“ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے فلمی کریئرسمیت آنے والی فلم کے حوالے سے گفتگو کی۔پروگرام کے میزبان گنگولی کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے رانی مکھرجی نے کئی دلچسپ اعترافات بھی کئے۔ریالٹی شو کے دوران رانی مکھر جی نے عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان کی اداکاری کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے فلمی کریئر کے ابتدائی دنوں میں خانز کے ساتھ اداکاری کرنا اپنے لئے اعزاز سمجھتی ہیں۔
رانی مکھرجی نے عامر خان کے ساتھ اپنی پہلی فلم ”غلام“ کی شوٹنگ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان جتنے بڑے اداکار ہیں،وہ اتنے ہی بڑے سپورٹر بھی ہیں۔مسٹر پرفیکشنسٹ کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کے ساتھ وہ پہلی فلم کررہی تھیں تاہم عامر خان نے انہیں یہ محسوس نہیں ہونے دیا کہ وہ خود ان سے بڑے اسٹار ہیں۔ایک سین کو یاد کرتے ہوئے اداکارہ نے کہاکہ فلم کے آخری مناظر میں وہ جیسے ہی زخمی عامر خان کو رومانوی انداز میں گلے لگانے کےلئے آگے بڑھیں تو عامر خان ان کے گلے لگانے سے توازن کھو بیٹھے اور گر پڑے۔انہوں نے وضاحت کی کہ وہ اس منظر کو شوٹ کروانے کےلئے پرجوش تھیں۔گر جانے پر عامر خان نے فلم ڈائریکٹر سے کہا کہ یہ انجن کہاں سے لائے ہو۔رانی نے اسی انداز میں بالی وڈ شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی پہلی فلم ”کچھ کچھ ہوتا ہے“ کے ایک رومانوی منظر کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اسکاٹ لینڈ میں رومانوی گیت کی شوٹنگ کے دوران ہر وقت اداکار ان کے قریب رہنا چاہتے تھے لیکن وہ ان سے دور رہنا چاہتی تھیں۔اداکارہ کے مطابق جیسے ہی وہ شاہ رخ خان سے دور ہونے لگیں تو فلم ساز کرن جوہر نے ان سے کہا کہ یہ شوٹنگ ہے، اس میں کوئی مسئلہ نہیں۔ رانیا مکھر جی نے شاہ رخ خان کو حیرت انگیز اداکار بھی قرار دیا۔