اسلام آباد...آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین اور سابق پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ملکی حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ تیسری سیاسی قوت نیا پاکستان بنائے گی۔ وطن واپس آ کر لیگی دھڑوں کی طاقت سے بننے والی تیسری سیاسی قوت کی قیادت کروں گا۔2018ءکے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ ٹیلی فونک خطاب میں انہوں نے اپنے اور بعد کے ادوار کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے دور میں غریب ، محنت کش اور کسان طبقہ خوشحال ہوا۔غربت میں کمی ہوئی۔ ملک بھر میں ترقیاتی کام ہو رہے تھے۔ کسان اور مزدور خوش تھے۔ دفاع مضبوط تھا ۔ کسی کو ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہیں تھی۔ خطے اور مسلم امہ سمیت پوری دنیا میں ایک رتبہ تھا۔ اب ہر جگہ تباہی نظر آتی ہے۔ 10سال میں ملک کی کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ مہنگائی آسمان پر ہے ، عوام بدحال ہیں۔ پاکستان کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ میرے اقتدار میں پاکستان عروج پر تھا ۔مشرف نے کہا کہ پچھلے 10 برسوں میں پاکستان کو بے ایمان ، ڈاکوﺅں ، چوروں اور لٹیروں نے بے دردی سے لوٹا۔ عوام کو غربت کے سوا کچھ نہیں ملا ۔ پیسے دے کر ووٹ خریدنے والے عوام کو کچھ نہیں دیتے۔