الخبر..... شاہ فہد یونیورسٹی اسپتال میں غیرملکی کارکن کا کٹ جانے والا ہاتھ کامیابی سے جوڑ دیا گیا ۔ انتہائی پیچیدہ آپریشن 6 گھنٹے پر مشتمل تھا ۔ سبق نیوز کے مطابق الخبر میں مقیم ایک ایشیائی کارکن کا دایاں ہاتھ کلائی سے کٹ کر جدا ہو گیا تھا ۔ کارکن کے ساتھیو ں نے فوری طور پر اسے قریبی اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ انکے پاس اس نوعیت کے آپریشن کی سہولت نہیں ۔ متاثرہ کارکن کے ساتھی اسے دوسرے اسپتال لے گئے جہاں سے بھی انکار ہونے کے بعد زخمی کو شاہ فہد یونیورسٹی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرمحمد الشھرانی نے اپنی ٹیم کے ساتھ ملکر فوری طور پر زخمی کا آپریشن کیا اور کامیابی سے اسکا ہاتھ جوڑ دیا گیا ۔ ڈاکٹر الشھرانی کا کہنا تھا کہ آپریشن انتہائی حساس نوعیت کا تھا کیونکہ اس میں باریک نسوں کو جوڑنا ہوتا ہے جس کےلئے مستقل طور پر مخصوص خوردبین کا استعمال ہوتا ہے تاکہ نسیں درست جڑ یں ۔ ڈاکٹر الشھرانی نے بتایا کہ اپنی نوعیت کا منفرد آپریشن انہو ںنے رب تعالی کے فضل و کرم سے کامیابی سے انجام دیا ۔ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ آپریشن کامیاب رہا اب کچھ دنوں بعد مریض کے ہاتھ کو دی گئی مصنوعی سپورٹ نکال دی جائے گی جس کے بعد اسے فزیوتھراپی کے سیشن لینا ہونگے ۔