Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواتین کے قبرستان جانے کے شرعی حکم پر سعودی علماءمیں ٹھن گئی

دمام.... خواتین کے قبرستان جانے کے شرعی حکم پر سعودی علماءمیں ٹھن گئی۔حائل یونیورسٹی میں احتساب کے مسائل اور خواتین کے امور پر تحقیقی مطالعے کیلئے قائم چیئر کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر خلف الشغدلی نے دعویٰ کیا ہے کہ اکثر علماءاور فقہاءخواتین کے قبرستان جانے کو جائز سمجھتے ہیں۔ وہ اس سلسلے میں مردو زن میں کوئی فرق نہیں کرتے۔ امام نووی رحمتہ اللہ علیہ نے اسی کو راجح قرار دیا ہے۔ انکا کہناہے کہ گو ہمارے یہاں یہ بات عجیب و غریب لگتی ہے تاہم راجح یہی ہے اور اکثر مسلمانوں کا مسلک یہی ہے۔ الشغدلی نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قبرستان کے حوالے سے مرد و زن میں کوئی فرق نہیں کیا۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ قبروں کی زیارت سے متعلق ممانعت والی حدیث ضعیف ہے۔ دریں اثناءرکن شوریٰ عیسیٰ الغیث نے ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر تحریر کیا ہے کہ خواتین کا قبروں کی زیارت کیلئے جانا جائز ہے۔ اس پر ہنگامہ آرائی کی کوئی ضرورت نہیں۔ اسکا تعلق عقیدے سے نہیں ۔ یہ فقہی مسئلہ ہے ۔ عدم جواز پر علماءمتفق نہیں۔ اکثر علماءاسے جائز مانتے ہیں۔ مسلمانوںکی پوری تاریخ یہی ہے کہ خواتین قبرستان اعزہ کی قبروں کی زیارت کیلئے جاتی رہی ہیں۔ عصر حاضر کے سعودی اور غیر ملکی علماءبھی اسی کے قائل ہیں ۔ علامہ البانی رحمتہ اللہ علیہ اور علامہ شنقیطی کی بھی یہی رائے ہے۔ حرمت کے قائل علماءاقلیت میں ہیں۔ ہم انکی رائے کا احترام کرتے ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ وہ بھی ہماری رائے کا احترام کریںگے۔ یہ مسئلہ دشنام طرازی اور لڑائی جھگڑے کا نہیں۔ سعودی سربرآوردہ علماءبورڈ کے رکن شیخ صالح الفوزان نے واضح کیا ہے کہ جو لوگ یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ اکثر علماءخواتین کے قبرستان جانے کو جائز سمجھتے ہیں، وہ دروغ بیانی سے کام لے رہے ہیں۔انہوں نے عکاظ اخبار سے گفتگو میں کہا کہ خواتین کے لئے قبرستان جانا حرام ہے۔ علماءنے کبھی اسکی اجازت نہیں دی۔ ڈاکٹر الشغدلی جیسے علماءاس سے مستثنیٰ ہیں۔شیخ صالح الفوزان نے اپنے نقطہ نظر کی تائید میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیث سے استدلال کیا جس میں آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ قبرستانوں کی زیارت کرنے والی خواتین پر لعنت بھیجتا ہے۔المعہد العالی للقضاءکے استاد ڈاکٹر عمر العمر نے کہا کہ قبرستانوں کی زیارت پر پابندی کی کوئی پختہ شرعی دلیل نہیں۔ یہ پابندی شرعی قواعد و ضوابط سے ماخوذ ہے۔

شیئر: