Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کی تیسری شادی نیک شگو ن ثابت ہو گی؟

کراچی(صلاح الدین حیدر ) سالِ نو، مطلب 2018 کے اوائل سے یہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی تیسری شادی کے بارے میں پاکستان اور بیرونِ ملک چرچے ہورہے تھے۔ انگریزی کے موقر اخبار نے یکم جنوری کو یہ خبر نمایاں طور پر شائع کی۔ باوجود تردید کے اخبار کا رپور ٹر اپنی بات پر اڑا رہا کہ شادی ہوچکی ہے۔ نکاح عمران کے پُرانے نکاح خواں مفتی سعید نے پڑھایا ۔ تحریک انصاف نے تردید کی۔ جب بات بہت زیادہ پھیل گئی تو عمران خان کی طرف سے یہ اعلان سامنے آیا کہ اُنہوں نے بشریٰ بی بی کوشادی کا پیغام بھجوایا ہے اور جواب کا انتظار ہے۔ گویا یہ پی ٹی آئی کی طرف سے پہلا بلاواسطہ شادی کا اقرار تھا۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی طرف سے یہ اعلان کیا گیا کہ عمران اور بشریٰ بی بی کا نکاح لاہور میں بشریٰ کے بھائی کے گھر پر انجام پایا۔ تقریب انتہائی سادگی سے انجام پائی، جس میں عمران کے خاندان کا کوئی بھی فرد، حتیٰ کہ اُن کی 2بہنوں تک نے شرکت نہیں کی۔ عمران نکاح کے فوراً بعد دلہن کے بغیر ہی لاہور سے اسلام آباد چلے گئے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ رخصتی بھی اُسی شام ہوگئی تھی لیکن ابھی اس بارے میں کوئی حتمی رائے قائم کرنا مشکل ہے۔عمران بہ حےثیت کرکٹر عالمی شہرت کے مالک ہیں، پاکستان کو اُس کا واحد ورلڈکپ 1992 میں جتوا کردیا اور اُس کے بعد کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا، ایک عرصے کے بعد سیاست کی دُنیا میں قدم رکھا لیکن 19 سال تک اُنہیں سوائے ٹھوکروں کے اور کچھ نہیں ملا۔ 2013 کے انتخابات میں قسمت نے پلٹا کھایا۔عمران نے نواز شریف کی پارٹی کو پہلی مرتبہ (ن) لیگی قلعے پنجاب میں چھٹی کا دودھ یاد دلادیا۔ قومی اسمبلی میں 35 نشستیں جیتیں ۔خیبرپختونخوا میں جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی کی حکومت بنائی جو آج تک قائم ہے۔حالا نکہ اُس کے بارے میں خاصی قیاس آرائیاں ہوتی رہی ہیں لیکن خود عمران اور کے پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بارہا تردید کی کہ اُن کا صوبہ دوسروں سے زیادہ انتظامی طور پر ترقی کی منازل طے کرچکا ہے۔عمران کی زندگی کے کئی ایک پہلو ہیں۔ جوانی کے ایّام پُرتعیش لیکن سیاست میں آنے کے بعد وہ یکسر تبدیل ہوچکے تھے۔ پنج وقت نمازی، ولایتی سوٹ کی جگہ، پاکستانی شلوار قمیص، اُن کا خصوصی لباس بن گیا۔ وہ عوام میں، خاص طور پر نوجوان طبقے میں بہت مقبول ہوئے لیکن ایک اچھے اور نیک انسان ہونے کے ساتھ اُنہوں نے میدان سیاست کے داﺅ پیچ سے ناواقف ہونے کی وجہ سے کئی ایک غلطیاں کیں، جن سے اُن کی مقبولیت پر اثر پڑا۔ پھر بھی عمران پُرعزم شخصیت کے مالک ہیں۔ آج بھی نواز شریف کے سب سے بڑے حریف سمجھے جاتے ہیں۔ عمران کی پہلی شادی، ایک یہودی اور بے شمار دولت کی مالک خاتون 22 سال کی جمائما سے ہوئی جو10 سال کے بعد طلاق کی صورت میں اختتام پذیر ہوئی۔ دوسری شادی اُنہوں نے اینکر پرسن ریحام خان سے کی، لیکن یہ صرف ایک سال ہی چل سکی۔ اُن کی تیسری اور موجودہ شریک حیات خدا ترس، صوم و صلوٰة کی پابند، انتہائی باحیا خاتون ہیں۔ خود عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اُن کی پیر و مُرشد ہیں اور حجاب میں رہتی ہیں۔ اُنہوں نے کبھی اُن کی شکل نہیں دیکھی۔ نکاح کی تصویر میں بھی وہ پوری طرح حجاب میں نظر آتی ہیں۔ انکے بہی خواہوں کا کہنا ہے کہ اُن کی تیسری شادی اُن کےلئے نیک شگون ثابت ہوگی۔ دیکھیں مستقبل کیسا ہوگا۔

شیئر: