Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 3:ٹرافی کی تقریب رونمائی

 
دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے معرکے کیلئے ٹرافی کی تقریب رونمائی دبئی میں منعقد ہو ئی جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی اور تمام ٹیموں کے کپتانوں کے علاوہ فرنچائز مالکان، ٹیم مینجمنٹ اورمہمانوںنے شرکت کی۔ دنیا کی مشہور جیولری کمپنی کی تیار کردہ خوبصورت ٹرافی ہیلی کاپٹر کے ذریعے تقریب کے مقام پر پہنچائی گئی جسے دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے وصول کیا اور ان کے ساتھ دیگر5 ٹیموں کے کپتان بھی موجود تھے۔ ٹرافی کی رونمائی کے بعد چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے لیگ میں شریک تمام ٹیموں کے قائدین کا تعارف کراتے ہوئے پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کیلئے ان کا اور فرنچائز مالکان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سب سے پہلے دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا ذکر کیا اور کہا کہ سیمی پاکستان بھر میں مقبول ہیں اور سپر اسٹار کا درجہ رکھتے ہیں اور میں انہیں ایک مرتبہ پھر لیگ میں خوش آمدید کہتا ہوں۔اس کے بعد انہوں نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق ایک انتہائی منفرد انسان ہیں اور پاکستان کرکٹ کیلئے ان کی خدمات مثالی ہیں۔ لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میکولم کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ کیوی کرکٹر اور سابق کپتان میکولم کسی تعارف کے محتاج نہیں اور پوری دنیا ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی معترف ہے اور ہم پی ایس ایل میں نیوزی لینڈ کی طرف سے میکو لم کی نمائندگی پر بہت خوش ہیں۔نجم سیٹھی نے پاکستان ٹیم کے قائد اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ سرفراز نے پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں کامیابی دلا کر تاریخ رقم کی اور پاکستان بھر کے شائقین میںخوشیاں بکھیریں گے اور ہمیں امید ہے کہ وہ یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔اس کے بعدچیئر مین پی سی بی نے لیگ میں پہلی مرتبہ شامل ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک اور کراچی کنگز کے نئے کپتان عماد وسیم کا تعارف کراتے ہوئے انہیں بھی داد و تحسین سے نوازا۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن پہلے 2ایڈیشنز کی نسبت زیادہ کامیاب ہوگا اور شائقین اس سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔ کپتانوں نے بھی اس موقع پر مختصراً گفتگو کی ۔مصباح الحق نے کہا پی ایس ایل کے دو سال بہترین تھے ہم نے بھرپور کرکٹ انجوائے کی۔ہر سیزن کے ساتھ کرکٹ بہتر اور مقابلہ سخت ہورہاہے۔عماد وسیم نے کہا پی ایس ایل میں ٹیم کی قیادت کرنا میرے لئے اعزاز ہے۔پی ایس ایل کے ذریعے پاکستان کا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے آرہاہے۔ برینڈن میکولم نے کہا پی ایس ایل نوجوان کرکٹرز کے ابھرنے اور نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کا ذریعہ بنی ہے ۔سرفراز احمد کا کہناتھاکہ کرکٹ کی سپورٹ پر اسپانسرز کاشکریہ ، تمام ٹیموں کےلئے نیک خواہشات ، ہوم گراﺅنڈ پر فائنل کھیلنے اور جیتنے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پرشعیب ملک اور ڈیرن سیمی میں دلچسپ نوک جھونک بھی ہو ئی جس سے شرکا ءمحظوظ ہوئے۔ 
 

شیئر: