نواز شریف پارٹی صدارت کیلئے بھی نااہل
اسلام آباد... سپریم کورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017 کیخلاف دائر درخواستوں پر مختصرفیصلہ سنا دیا۔ نو از شریف کو پارٹی صدارت کے لئے بھی نااہل قرار دیدیا۔ پارٹی سربراہی سے فارغ ہوگئے۔ چیف جسٹس نے فیصلے میں کہا کہ نااہل شخص پارٹی سربراہ نہیں بن سکتا۔نواز شریف کے بطور پارٹی صدر تمام فیصلے کالعدم قرار دیدئیے گئے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ طاقت کا سرچشمہ اللہ تعالی ہے ۔آئین کا آرٹیکل 17 سیاسی جماعت بنانے کا حق دیتا ہے۔ آرٹیکل میں قانونی شرائط بھی موجود ہیں۔ آرٹیکل63،62 پر پورا نہ اترنے والا شخص سیاسی جماعت کی صدارت بھی نہیں کر سکتا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ نواز شریف کو دوبارہ پارٹی صدر بنانے کے لئے مسلم لیگ (ن) نے اکتوبر 2017 میں انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 کی شق 203 میں ترمیم کی تھی جس کے بعد نواز شریف نے پھر مسلم لیگ (ن) کی صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ اس ایکٹ کے خلاف سپریم کورٹ میں کئی درخواستیں دائر تھیں۔