چیمپیئنز لیگ:میسی کا چیلسی کیخلاف پہلا کیریئرگول، بارسلونا کو شکست سے بچالیا
جمعرات 22 فروری 2018 3:00
لندن:چیمپیئنز لیگ کے اہم میچ میں ہسپانوی کلب بارسلونا کے ارجنٹائنٹی فٹبال اسٹار لائنل میسی نے انگلش کلب چیلسی کے خلاف اپنے کیریئر کا پہلا گول کرنے کے ساتھ بارسلونا کو شکست سے بھی بچا لیا۔ دونوں ٹیموں کا مقابلہ1-1گول سے برابر رہا ۔ دوسری جانب جرمن کلب بائرن میونخ نے ترکی کے کلب بیسکٹاس کو0-5سے ہراتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ چیلسی اور بارسلونا کے درمیان لندن میں کھیلے جانے والے میچ کے د وران پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے ہاف میں چیلسی کے کھلاڑی ولییان نے شاندار گول کے ذریعے ٹیم کو برتری دلائی جو کافی دیر تک برقرار رہی ۔ یوں محسوس ہو رہا تھا کہ میزبان ٹیم یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ اسی اثناءمیں چیلسی کے کھلاڑی کرسٹیان نے ایک فاش غلطی کی جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لائنل میسی نے گول کرکے نہ صرف میچ برابر کیا بلکہ اپنے کیریئر میں پہلے مرتبہ انگلش کلب کے خلاف اسکور کا کارنامہ بھی انجام دے دیا۔ان کا یہ گول اس لحاظ سے بھی اہم تھا کہ بارسلونا کی ٹیم ایک پوائنٹ بچانے میں کامیاب رہی اور اب دوسرے مرحلے کے میچ میں اپنے ہوم گراونڈ پر زیادہ اعتماد کے ساتھ انگلش کلب کا مقابلہ کرسکے گی۔دوسری جانب لیگ کے ایک اور میچ میں معروف جرمن کلب بائرن میونخ نے تھامس ملر اور رابرٹ لیوانڈسکی کے2-2گولز کی بدولت ترک کلب بیکسٹاس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-5سے ہرایا۔ ایک گول کومان کے حصے میں آیا۔اس کامیابی کے نتیجے میں جرمن کلب کوارٹر فائنل میں بھی پہنچ گیا ، دوسرے مرحلے کے میچ میں ترک کلب کے لئے کم از کم0-6ے جیتنا ضروری ہوگا جس کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔