انڈونیشیا کا آتش فشاں پھٹ پڑا، لاوا خارج
جمعرات 22 فروری 2018 3:00
ماؤنٹ سینا بونگ ، انڈونیشیا..... انڈونیشیا کے ایک جزیرے کے قریب واقع مشہور پہاڑ مائونٹ سینا بونگ کا خوابیدہ آتش فشاں برسوں بعد اچانک پھٹ پڑا ہے او ریہ فشار اتنازیادہ تھا کہ تقریباً5کروڑ65لاکھ مکعب فٹ لاوا جو زیادہ تر گردو غبار اور پتھروں کے چھوٹے بڑے ٹکڑوں پر مشتمل تھا فضا میں پھیل گیا جس سے مزید آلودگی بڑھ گئی۔ فشار سے قبل اور بعد کی تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ آتش فشاں کا دہانا پہلے سے کھلا ہوا تھا یعنی کسی نے اس جانب توجہ نہیں دی کہ اتنے خطرناک آتش فشاں کا دہانا کیوں کھلا ہوا ہے یا تو اسکی خوابیدگی مستقل ہوگئی ہے یا اب اسکے اندر کی تب و تاب جاتی رہی ہے تاہم ایسا بالکل نہیں تھا۔ زلزلوں اور آتش فشانی فشار کے نگراں انڈونیشی ادارے کی طرف سے جاری ہونے والی تصویر اور خبروں سے پتہ چلتا ہے کہ یہ واقعہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے بالکل مختلف اور حیرت انگیز ہے۔ ماہرین ارضیات اور طبقات الارض کا خیال ہے کہ سردست نہ تو اس لاوے سے فضائی آلودگی کے علاوہ کوئی دوسرا بڑا مسئلہ سامنے آیا ہے او رنہ ہی ہلاکتوں کی خبر ملی ہے مگر آنے والے دنوں میں اس پہاڑ کا رویہ جغرافیہ دانوں اور کیمیائی ماہرین کیلئے یقینی طور پر قابل دید ہوگا۔