فرقہ وارانہ کشیدگی ہندوستان کی ترقی میں رکاوٹ ہے، بھاگوت
میرٹھ۔۔۔۔راشٹریہ سویم سیوک کے صدر موہن بھاگوت نے میرٹھ میں آر ایس ایس کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کائنات کے مختلف رنگ و روپ ہیں ۔ سماج کی ترقی و بھلائی کیلئے ملک کے ہر طبقے کو سوئم سیوک( اپنی مد د آپ) بننے کی ضرورت ہے۔بھاگوت نے کہا کہ ملک میں اتحاد کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں مگرانگریزوں کی ہمیشہ یہی سازش رہی تھی کہ ملک میں پھوٹ ڈالو اور حکومت کرو۔ یہ پالیسی عالمی طاقتوں کا بھی حصہ بن گئی ہے اوریہی طاقتیں ہندوستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔جولوگ ہندوستان کی عالمی ترقی سے حسد رکھتے ہیں وہی تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کررہے ہیں اور معاشرے میں فرقہ وارانہ کشیدگی کا ماحول برپا کررہے ہیں۔ہمارے ملک میں بھانت بھانت کی بولیاں بولنے اور سمجھنے والے لوگ آباد ہیں ۔ دنیا کو یقین ہے کہ ایک ہونے کیلئے ’’ایک سا ‘‘ہونا پڑیگا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ 70ہزار کارکنان ملک میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ہم اپنے پروگرام کا مظاہرہ طاقت کے اظہار کیلئے نہیں کرتے ۔ملک کے تمام طبقوں کومل جلکر رہنا ہوگا،تبھی ملک اور معاشرہ ترقی کریگا۔