واشنگٹن ۔۔۔امریکی ریاست میری لینڈکے ساحل پر مسافر طیارہ لاپتہ ہوگیا جس کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔ 3 روز گزرنے کے باوجود اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ 4 مسافروں کی گنجائش والے سیسنا 172 ایس طیارے نے بدھ کے روز شام کے وقت ریاست میری لینڈ کے ساحلی شہر بالٹی مور کے مارٹن اسٹیٹ ایئر پورٹ سے اڑان بھری اور صرف 45 منٹ بعد ہی ریڈار سے غائب ہوگیا۔ طیارے کے لاپتہ ہونے کے بعد زمین پر اور سمندر میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا لیکن تاحال طیارے کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ کوسٹ گارڈ کے آفیسر رونلڈ ہوجز کے مطابق اب تک ساحل سمندر سے ڈیڑھ میل کی دوری پر ایک جگہ سے طیارے سے خارج ہونے والے تیل کے نشانات ملے ہیں جبکہ جہاز کا ایک ٹکڑا بھی ملا تاہم یہ تصدیق نہیں کی جاسکتی کہ یہ اسی جہاز کا حصہ ہے۔ اس جہاز کے یوں لاپتہ ہونے کے واقعے کو ایم ایچ 370 کے واقعے سے تشبیہ دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ 2014 میں ملائیشین ایئر لائن کا مسافر طیارہ ایم ایچ 370 اچانک غائب ہوگیا تھا۔ اسکا معمہ اب تک حل نہیں ہوا ۔