Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارکان اسمبلی 4،4کروڑ میں بکے،عمران خان

 کراچی... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ساری قوم سیاستدانوں کو برا بھلا کہہ رہی ہے ۔سینیٹ میں پیسہ چلا ۔ ارکان اسمبلی 4،4کروڑ میں بکے ہیں ۔ کیا جمہوریت میں ایسا ہوتا ہے ۔ ساری قوم کے سامنے سیاستدانوں کی خرید وفروخت ہوئی ہے ۔ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے کچھ اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی نے بھی پیسے لے کر اپنے ضمیر بیچ دیئے۔ ایسے اراکین کے خلاف سخت کارروائی کریں گے تاہم ایسے ارکان بھی ہیں جو غریب ہیں لیکن انہوں نے اپنے ضمیر کا سودا نہیں کیا ۔ انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پورے پاکستان کو معلوم ہے کہ سینیٹ میں پیسہ چلا لیکن کوئی بھی ادارہ تحقیقات نہیں کر رہا ۔خفیہ رائے دہی کی وجہ سے معلوم ہی نہیں چل رہا کہ کس نے کس کو ووٹ دیا ۔ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ سینیٹ الیکشن کا طریقہ کار تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے جمہوری اداروں کو بچاتی ہے ،فوج بچانے نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو کھنڈر بنانے والا گاڈ فادر لندن چلا گیا۔صوبائی حکومت نے کراچی کو مافیا کے سپرد کر دیا ۔35 سال سے اس شہر میں دہشت گردوں کی حکمرانی تھی۔ پڑھے لکھے، سلجھے ہوئے اور متوسط طبقے کے حقیقی نمائندے سیاست میں آنے سے کتراتے تھے لیکن اب حالات تبدیل ہو گئے ۔ میں خود کراچی سے انتخاب لڑوں گا ۔عمران خان نے مزید کہا کہ کراچی میں قبضہ مافیا کا راج ہے۔پولیس میں پیسے لے کر بھرتیاںکی جاتی ہیں۔بلدیاتی نظام موثر نہیں ۔ سندھ حکومت کو ترقیاتی کاموں میں کوئی دلچسپی نہیں ۔جب تک کراچی کا نظام ٹھیک نہیں ہوگا کسی پیکج کافائدہ نہیں ۔ سارا پیسہ تو ا لانچوں کے ذریعے دبئی چلا جاتا ہے ۔تحریک انصاف نے کراچی کی روشنیوں کو بحال کرنے کے لئے پیکیج تیار کیا ہے جس میں خیبرپختونخو کی طرز کی پولیس کا قیام اور موثر و با اختیار بلدیاتی کو اولین ترجیح حاصل ہے ۔
مزید پڑھیں:آئندہ حکومت ہماری ہوگی،عمران خان

شیئر: