سری لنکا میں ایمر جنسی سے ٹی ٹوئنٹی سیریز متاثر نہیں ہوگی
کولمبو: سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی کی وجہ سے نافذ کی جانے والی ہنگامی حالت سے 3ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز متاثر نہیں ہوگی۔ یا د رہے کہ سری لنکا کے یوم آزادی کے حوالے سے ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا ہے اور گزشتہ روز ہند اور سری لنکا کے درمیان پہلا میچ کھیلا گیا جبکہ ٹورنامنٹ میں شریک تیسری ٹیم بنگلہ دیش ہے۔ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے گزشہ روز اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نداہاس ٹرافی کے نام سے شروع ہونے والا یہ 3ملکی ٹورنامنٹ پروگرام کے مطابق جاری رہے اور حکومتی اعلان سے اس کے متاثر ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔سری لنکا کے علاقے کینڈی میں مسلمانوں اور ان کی املاک پر انتہا پسند بدھوں کے حملوں کی وجہ سے سری لنکن حکومت نے ملک میں 10یوم کےلئے ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔بورڈ عہدیدار کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے میچ کولمبو میں ہو رہے ہیں جہاں کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔ ہندوستانی ٹیم انتظامیہ نے بھی ایسا ہی نوٹس جاری کرتے ہوئے کولمبو میں حالات معمول پر ہونے کی بات کی ہے۔